کارگزار صدر ٹی آر ایس کے ٹی آر کی سالگرہ

   

Ferty9 Clinic

تلنگانہ بھون میں جشن ، خون کا عطیہ ، ارکان اسمبلی و کونسل کی شرکت
حیدرآباد۔24جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ بھون میں خون کا عطیہ کیمپ منعقد کرتے ہوئے کارگذار صدر تلنگانہ راشٹر سمیتی مسٹر کے ٹی راما راؤ کی سالگرہ کا جشن منعقد کیا گیا ۔ خون کے عطیہ کیمپ کا ریاستی وزیر مسٹر ٹی سرینواس یادو نے افتتاح انجام دیا ۔ اس موقع پر کئی ارکان اسمبلی اور ارکان قانون ساز کونسل موجود تھے جنہوں نے خون کا عطیہ دیتے ہوئے کے ٹی آر کی سالگرہ کے جشن میں حصہ لیا۔ مسٹر ٹی سرینواس یادو نے خون کے عطیہ کیمپ کے افتتاح کے بعد ذرائع
ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کے ٹی آر نے کم عمر میں عالمی سطح پر اپنی شناخت بنائی ہے اور وہ انتہائی مقبول ترین سیاسی قائدین کی فہرست میں شامل ہوچکے ہیں۔ ریاستی وزیر نے کہا کہ مسٹر کے ٹی راما راؤ ریاست تلنگانہ کے نوجوانو ں کے لئے مثال ہیں اور وہ ان کیلئے مشعل راہ بنتے جا رہے ہیں اسی لئے وہ کہنے پر مجبور ہوچکے ہیں کہ انتہائی کم عمر میں کے ٹی راما راؤ اپنے جذبہ انسانیت اور خدمت کے سبب مقبول ترین سیاسی قائدین کی فہرست میں نمایاں مقام حاصل کرچکے ہیں۔ مسٹر ٹی سرینواس یادو نے کہا کہ ریاست تلنگانہ کی ترقی اور ریاست کے شہری علاقوں کی ترقی کی منصوبہ بندی میں کے ٹی راما راؤ کا اہم کردار ہے اور کے ٹی آر تلنگانہ راشٹر سمیتی میں موجود نوجوان کارکنوں کے علاوہ سرکردہ قائدین کے ساتھ پارٹی ترقی اور ریاست کی خوشحالی کیلئے مصروف ہیں۔خون کے عطیہ کیمپ کے دوران پارٹی کارکنوں کے علاوہ رکن اسمبلی بی سمن‘ڈی ناگیندر ‘ ارکان قانون ساز کونسل پی راجیشورریڈی ‘ سرینواس ریڈی کے علاوہ دیگر قائدین نے خون کا عطیہ دیا۔ مسٹر ڈی ناگیندر نے اس موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ریاست تلنگانہ بالخصوص شہر حیدرآباد کی عالمی شناخت کو منفرد بنانے میں کے ٹی آر نے انفارمیشن ٹیکنالوجی منسٹر کی حیثیت سے جو کام انجام دیئے ہیں وہ انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ انہو ںنے بتایا کہ تلنگانہ میں کے ٹی آر منفرد اور دور اندیش قائدین کی فہرست میں شمار کئے جاتے ہیں ۔