سرینگر: لداخ یونین ٹریٹری میں لداخ خود مختار پہاڑی ترقیاتی کونسل کارگل کے چہارشنبہ کو ہونے والے انتخابات کیلئے اسٹیج پوری طرح تیار ہے ۔9 اگست 2019 کو دفعہ 370 کی تنسیخ اور جموں وکشمیر کو دو حصوں میں منقسم کرنے کے فیصلے کے بعد یہ کارگل میں ہونے والے پہلے انتخابات ہیں۔ اتحادی پارٹیوں کانگریس اور نیشنل کانفرنس کا 26 کونسل سیٹوں کیلئے بی جے پی سے راست مقابلہ ہوگا۔ تاہم بعض سیٹوں پر کانگریس اور نیشنل کانفرنس نے ایک دوسرے کیخلاف امید وار کھڑا کئے ہیں جس کو انہوں نے ’دوستانہ مقابلہ‘ قرار دیا ہے ۔ گذشتہ کونسل میں کانگریس کے 8 جبکہ نیشنل کانفرنس کے 10 ممبر تھے ۔ ان کونسل انتخابات میں جملہ 85 امیدوار میدان میں ہیں جن میں سے 22 کانگریس، 17 نیشنل کانفرنس، 17 بی جے پی اور 4 عام آدمی پارٹی کی نمائندگی کررہے ہیں جبکہ 24 آزاد امیدوار قسمت آزمائی کر رہے ہیں۔