چندی گڑھ،۔ ملٹری لٹریچر فیسٹیول (ایم ایل ایف) کے منتظمین نے جمعرات کو اعلان کیا کہ فیسٹیول کے آٹھویں ایڈیشن کو کارگل جنگ کی 25 ویں سالگرہ کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔ تقریب کے مقامات کو ان نوجوان افسروں اور جوانوں کے نام سے منسوب کیا گیا ہے جنہوں نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے پرم ویر چکر حاصل کیا اور اپنے فرض کی ادائیگی کے لیے اپنی جان قربان کر دی۔فیسٹیول کا آغاز 17 نومبر کو یہاں سیکٹر 2 میں ریجنل وار میموریل پر گل داؤدی چڑھانے سے کیا جائے گا، جس کی قیادت گلاب چند کٹاریا، گورنر پنجاب اور ایڈمنسٹریٹر چندی گڑھ کریں گے۔ ایک موٹر بائیک ریلی کے طور پر ’بریوہارٹس رائیڈ‘ اس پیغام کو جرات، قربانی اور حب الوطنی کے ساتھ ٹرائی سٹی کے کونوں تک لے جائے گی، جس میں علاقے کے مختلف شہروں سے 1,286 موٹر سائیکلیں شرکت کریں گی۔ یہ ریلی چندی گڑھ کلب کے قریب سے روانہ ہوگی۔