کارگل لڑائی میں ہندوستانی افواج کی بہادری کو گورنر کا خراج

   

راج بھون میں کارگل دیوس تقریب، شہیدوں کی بیواؤں کو تہنیت

حیدرآباد۔ 27 جولائی (سیاست نیوز) گورنر تلنگانہ جشنودیو ورما نے 1999 کارگل لڑائی میں ہندوستان کی کامیابی کے 26 سال کے تکمیل کے موقع پر راج بھون میں منعقدہ کارگل وجئے دیوس تقاریب میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔ راج بھون اور تلنگانہ و آندھرا پردیش سب ایریا کمانڈ نے مشترکہ طور پر تقریب کا اہتمام کیا تھا۔ گورنر نے اس موقع پر بھارت رتن سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کے پوٹریٹ کی نقاب کشائی انجام دی۔ انہوں نے کارگل تنازعہ کے دوران اٹل بہاری واجپائی کی مصمم قیادت کو سراہا۔ گورنر نے ہندوستانی مسلح افواج کی خدمات کی یاد تازہ کی اور لڑائی کے ہیرو کیپٹن وکرم بترا اور دیگر 526 شہیدوں کو خراج پیش کیا۔ گورنر نے کہا کہ ہندوستانی مسلح افواج نے کارگل میں بہادری کا غیر معمولی مظاہرہ کرتے ہوئے ہندوستانی علاقہ کا تحفظ کیا۔ انہوں نے کہا کہ نیتاجی سبھاش چندر بوس، ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام، سوامی ویویکا نند، اور سردار ولبھ بھائی پٹیل جیسی شخصیتوں کی زندگی اور ان کے نظریات سے عوام کو ہم آہنگ ہونے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے سبھاش چندربوس کے کئی تاریخی قول دہرائے جس میں انہوں نے ملک پر جان قربان کرنے کے عہد کا اعادہ کیا تھا۔ اس موقع پر مسلح افواج کی جانب سے خصوصی مظاہرہ پیش کیا گیا۔ کارگل لڑائی کے ہیروز، بہادری کا ایوارڈ حاصل کرنے والے فوجی عہدیداروں نے شرکت کی۔ کارگل کے شہیدوں کی بیواؤں کو تہنیت پیش کی گئی۔ گورنر نے تقریب کے اختتام پر تمام کو اتحاد اور حب الوطنی کا حلف دلایا۔ 1