کارگل وجئے دیوس تقریب، نوجوانوں کو فوج میں شامل ہونے کا مشورہ
حیدرآباد۔ 27 جولائی (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کارگل وجئے دیوس کے موقع پر کارگل لڑائی کے ہیرو کرنل جے داس گپتا کو تہنیت پیش کی جنہوں نے 1999 کے تنازعہ میں غیر معمولی مظاہرہ کیا تھا۔ حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے اس جنگی ہیرو کو تہنیت پیش کرنے کے لئے خصوصی تقریب منعقد کی گئی۔ کارگل لڑائی میں دیگر ہندوستانی سپاہیوں کے ساتھ کرنل داس گپتا نے ملک کے لئے غیر معمولی بہادری کا مظاہرہ کیا۔ کرنل داس گپتا اس وقت میجر کے عہدے پر فائز تھے اور انہوں نے دراس سیکٹر میں دشمن کی افواج کو پسپا کرتے ہوئے ہندوستانی علاقہ کا تحفظ کیا تھا۔ کارگل کی چوٹی پر پاکستانی افواج نے قبضہ کرتے ہوئے ہندوستان کے لئے سنگین چیالنج پیدا کیا تھا۔ ہندوستانی افواج کی 18 بٹالین نے کارگل کی کئی چوٹیوں کو دشمن افواج سے حاصل کیا۔ حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے کرنل داس گپتا نے ویسلی کالج سے انٹر میڈیٹ اور عثمانیہ یونیورسٹی سے گریجویشن کیا۔ بعد میں وہ آفیسرس ٹریننگ اکیڈیمی چینائی سے وابستہ ہوئے۔ مئی 1995 میں وہ ہندوستانی فوج میں شامل ہوئے اور کارگل لڑائی کے دوران انہیں دو کمپنیوں کی قیادت سونپی گئی تھی۔ کرنل داس گپتا کو بہادری پر سینا میڈل سے نوازا گیا۔ تہنیت کے موقع پر کرنل داس گپتا اپنی والدہ کے ساتھ شریک ہوئے۔ انہوں نے تلنگانہ کے نوجوانوں کو فوج میں شامل ہونے کی ترغیب دینے کا چیف منسٹر ریونت ریڈی کو مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل میں حب الوطنی کے جذبہ کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ کانگریس کے سینئر لیڈر اور رکن لوک سبھا ڈاکٹر ملو روی اور دوسرے اس موقع پر موجود تھے۔ 1