کارگل میں انٹرنیٹ بحال

   

سرینگر 27 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) مرکز کی بی جے پی حکومت کی جانب سے کشمیر میں دفعہ 370 کی تنسیخ اور لداخ اور کشمیر کو مرکزی زیرانتظام علاقہ بنانے کے بعدکارگل میں آج پہلی بار موبائیل انٹرنیٹ سرویس بحال کردی گئی ۔ واضح رہے کہ 145 دن تک اِس خطہ میں انٹرنیٹ پر پابندی عائد رہی۔ حکام کا کہنا ہے کہ پچھلے 4 مہینے میں یہاں کسی قسم کی گڑبڑی نہیں دیکھی گئی۔ اُنھوں نے کہاکہ مذہبی شخصیات نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اِس سہولت کا غلط استعمال نہ کریں۔ کارگل میں براڈ بینڈ سرویس پہلے سے ہی کارکرد ہے۔ تاہم انٹرنیٹ سرویس جوکہ 15 اگسٹ سے مسدود کردی گئی تھی، اُسے بحال کردیا گیا ہے۔سرکاری حکام نے بتایا کہ مرکز کی جانب سے کشمیر کو حاصل خصوصی درجہ دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد ریاست میں حالات بگڑ گئے تھے۔ کارگل اور اطراف و اکناف صورتحال دھیرے دھیرے نارمل ریکارڈ کئے جارہے ہیں اور پچھلے چار مہینے میں کارگل میں کہیں بھی کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔