کارگل وجئے دیوس کی 20 ویں سالانہ تقاریب

   

Ferty9 Clinic

۔25 تا 27 جولائی انعقاد کا فیصلہ ۔ فتح کی مشعل دہلی سے دراس تک منتقل کی جائے گی
نئی دہلی 14 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) کارگل وجئے دیوس کے آئندہ ماہ انعقاد کیلئے فوج کی جانب سے دارالحکومت دہلی اورجموں و کشمیر میں دراس کے مقام پر کئی پروگرامس کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ عہدیداروں نے یہ بات بتائی ۔ کہا گیا ہے کہ اس سال کارگل وجئے دیوس تقاریب25 تا 27 جولائی تین دن تک منعقد کی جائیں گی ۔ اس سال 20 ویں سالانہ تقاریب منائی جا رہی ہیں۔ ایک عہدیدار نے کہا کہ اصل تقریب کی تیاریوں کے طور پر کئی دوسرے چھوٹی سرگرمیوں کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے جو جولائی کے پہلے ہفتے سے ملک بھر میں مختلف مقامات پر منائی جائیں گی ۔ دارالحکومت دہلی میں تقاریب کا 14 جولائی سے آغاز ہوگا جب فتح کی مشعل کو روشن کیا جائیگا ۔ یہ تقریب نیشنل وار میموریل پر منعقد ہوگی ۔ یہ مشعل ملک کے 11 ٹاونس اور شہروں سے ہوتی ہوئی جموں و کشمیر میں دراس کے قمام کو پہونچے گی جہاں اس مشعل کو کارگل وار میموریل کی مشعل میںشامل کردیا جائیگا ۔ اس مشعل کو منتقل کرنے والی ٹیم کی جانب سے کئی تعلمی اور حب الوطنی کے مذاکرے منعقد کئے جائیں گے اور اہم شخصیتوں و طلبا سے بات چیت بھی کی جائیگی ۔ یہ پروگرامس مختلف تعلیمی اداروں میں منعقد ہونگے ۔ فوج نے ایک بیان میں یہ بات بتائی ۔ ان تقاریب کے ایک حصے کے طور پر کوہ پیمائی کی مہم بھی ہوگی جو مختلف یونٹس کی جانب سے کی جائیگی ۔ یہ وہ یونٹیں ہونگی جنہوں نے کارگل کی جنگ میں حصہ لیا تھا ۔ کہا گیا ہے کہ کوہ پیامائی کی مہم لیہہ میں 12 دن کیلئے منعقد ہوگی ۔ اس کے علاوہ تعلیمی اداروں میں طلبا کیلئے تحریری مقابلے بھی منعقد کئے جائیں گے ۔ تقاریر کے مقابلے بھی منعقد کئے جائیں گے ۔ یہ سرگرمیاں سارے لداخ علاقہ میں ہونگی ۔ فوج نے کہا کہ سال 2019 کارگل کی کامیابی کے 20 سال کو پورا کرتا ہے اور اس سال بڑے پیمانے پر تقاریب کے اہتمام کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ فوج کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ کارگل کی جنگ کو ہمیشہ اس کی حکمت عملی اور مہارت کی وجہ سے ہمیشہ یاد رکھا جائیگا اور اس جنگ میں ہندوستان نے شاندار کامیابی حاصل کی تھی جس کا جشن منایا جا رہا ہے ۔