کار حادثہ میں پرنس فلپ بال بال بچ گئے

   

لندن ۔ 18 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) برطانیہ کے پرنس فلپ جو ملکہ ایلزیبتھ دوم کے شوہر ہیں، ایک سڑک حادثہ میں کرشماتی طور پر بال بال بچ گئے۔ 97 سالہ پرنس فلپ اپنی لینڈروور کار خود ہی چلارہے تھے کہ اچانک ان کی کار ایک دوسری کار سے ٹکرا گئی حالانکہ پرنس فلپ کو اس حادثہ میں خراش تک نہیں آئی لیکن دوسری کار میں سفر کررہی دو خواتین زخمی ہوگئیں۔ یہ حادثہ کوئنسر سڈرنگھیم اسٹیٹ میں رونما ہوا۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ حادثہ میں لینڈروور کار کو شدید نقصان پہنچا اور پرنس فلپ کو وہاں موجود لوگوں نے باہر نکالا۔ کہا جارہا ہیکہ ایک T جنکشن کے قریب موڑ لیتے وقت سورج کی روشنی کار کے ونڈ اسکرین پر پڑی اور ان کی آنکھیں خیرہ ہوجانے سے وہ کیا نامی ایک دوسری کار سے ٹکرا گئی۔ کیا کار کے زخمیوں کو کوئن ایلزیبتھ ہاسپٹل میں بغرض علاج شریک کیا گیا ہے۔