حیدرآباد۔ 26 اکتوبر (سیاست نیوز) الیکشن کمیشن نے جوبلی ہلز کے ضمنی چناؤ میں مقابلہ کرنے والے 58 امیدواروں کو انتخابی نشان الاٹ کردیئے ہیں۔ قومی اور علاقائی پارٹیوں کے مسلمہ انتخابات نشانات کے علاوہ آزاد امیدواروں کو دوسرے نشانات الاٹ کئے گئے۔ انتخابی نشانات کے الاٹمنٹ کے ساتھ ہی بی آر ایس کے حلقوں میں بے چینی دیکھی جارہی ہے۔ پارٹی نے الیکشن کمیشن سے خواہش کی تھی کہ کار سے مشابہت رکھتے والے انتخابی نشانات کو فہرست سے خارج کیا جائے کیونکہ مشابیہ نشانات سے رائے دہندوں کو الجھن ہوسکتی ہے اور بی آر ایس ووٹوں کا نقصان ہوگا۔ الیکشن کمیشن سے نمائندگی کے باوجود بعض آزاد امیدواروں کو کار سے مشابہت رکھنے والے نشانات الاٹ کئے گئے جن میں روڈ رولر، چپاتی میکر، ٹریکٹر، آٹو ٹرالی، ٹی وی، کٹ مشین، ڈولی اور کیمرہ جیسے نشانات شامل ہیں۔ سابق میں کار سے مشابہت رکھنے والے انتخابات نشانات کو قابل لحاظ تعداد میں ووٹ حاصل ہوئے ہیں لہذا ٹی آر ایس نے الیکشن کمیشن آف انڈیا سے نمائندگی کی تھی۔ روڈ رولر، چپاتی میکر اور کیمرہ جیسے انتخابی نشانات کے بارے میں بی آر ایس کے کارکنوں کو عوام میں شعور بیداری کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ کار کی غلط فہمی میں مشابہت رکھنے والے نشانات کو ووٹ حاصل نہ ہوں۔ الیکٹرانک ووٹنگ مشین میں قومی پارٹیوں بی جے پی اور کانگریس اعلیٰ الترتیب پہلے اور دوسرے نمبر پر ہیں۔ بی آر ایس امیدوار تیسرے نمبر پر ہیں جبکہ تلگو راجیہ ادھیکارا پارٹی کا امیدوار 5 ویں نمبر پر ہے۔ 58 امیدواروں میں بعض آزاد امیدواروں کو کار سے مشابہت رکھنے والے انتخابی نشان الاٹ کئے گئے۔ 1