’’آئی لو محمد‘‘ کے نعرے لگانے اور ریالی نکالنے کا معاملہ
کاشی پور : /23 ستمبر (ایجنسیز) کاشی پور میں پولیس اور انتظامیہ نے اقلیتی فرقہ کے گروپ کی جانب سے غیرمجاز جلوس نکالنے اور اس دوران تشدد میں ملوث ہونے کیخلاف سرعت سے کارروائی کرتے ہوئے سرغنہ ندیم اختر کے بشمول 7 افر اد کو گرفتار کرلیا ہے ۔ پولیس نے 400 تا 500 غیر شناخت شدہ افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کیا ہے ۔ مختلف محکمہ جات کے تعاون و اشتراک کے ساتھ کارروائی کرتے ہوئے انتظامیہ نے محلہ علی خان کے غیرمجاز قبضوں کو منہدم کردیا جہاں ریالی نکالی گئی تھی ۔ پولیس نے سابق میونسپل کارپور یشن میئر امیدوار ندیم اختر کو دیگر معاونین کے ساتھ گرفتار کیا جن میں حنیف گاندھی اور دانش چودھری شامل ہیں ۔ ایس ایس پی منی کانت مشرا کی ہدایت پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے یہ گرفتاریاں عمل میں لائی ہیں ۔ اتوار کی شب مسلم برادری کے سینکڑوں لڑکوں اور نوجوانوں نے محلہ علی خان میں منصوبہ بند طریقہ سے ریالی منظم کی جس میں ’’ ائی لو محمد‘‘ کے نعرے لگائے گئے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس ریالی کیلئے کوئی اجازت نہیں دی گئی تھی ۔ جب متعلقہ آؤٹ پوسٹ انچارج منوج دھونی اور پولیس والوں نے پرمیشن کا لیٹر دکھانے کیلئے کہا تو نوجوان مشتعل ہوگئے اور لڑائی شروع کردی ۔ دیکھتے ہی دیکھتے وہاں بڑی تعداد میں بھیڑ جمع ہوگئی اور پولیس ٹیم پر پتھراؤ کیا گیا ۔ پولیس گاڑیوں کو نقصان بھی پہنچایا گیا ۔ ایس ایس آئی انیل جوشی جو ہجوم کو ٹھنڈا کرنے آئے تھے ان پر بھی بعض نوجوانوں نے حملہ کیا اور ان کے یونیفارم کو پھاڑ دیا ۔ قریبی چوکیوں سے پولیس ٹیموں کو طلب کرتے ہوئے صورتحال پر قابو پایا گیا ۔ پولیس نے تعزیرات ہند کی کئی دفعات کے تحت 47 سالہ ندیم اختر ، حنیف گاندھی ، دانش چودھری اور دیگر 400 تا 500 افر اد کے خلاف ایف آئی آر درج کیا ہے ۔ ایس ایس پی نے اس معاملہ میں سخت کارروائی کی ہدایت دی ہے ۔ دیگر محروسین میں محمد اشہد ، کامران ، معین رضا اور دانش علی شامل ہیں ۔ ان سے پوچھ تاچھ کی جارہی ہے ۔