کاغذنگر 22؍ ڈسمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کاغذنگر میں ہندو ‘ مسلم ‘ عیسائی اور دلت بھائیوں کی جانب سے بڑے پیمانے پر شہریت ترمیمی قانون کے خلاف احتجاج کیا گیا ۔ تفصیلات کے بموجب کاغذنگر مستقر کے سیاست چوک اور امبیڈکر چوک کے احاطہ میں مرکزی حکومت کی جانب سے شہریت ترمیمی قانون کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے مذمت کی گئی ۔ اس موقع پر ٹی آر ایس میناریٹی صدر محمد ذاکر شریف ‘ضلع پریشد معاون رکن محمد صدیق ‘ امیر مقامی جماعت اسلامی ہند مسعود علی خان مسلم میناریٹی صدر عبدالوہاب ‘ سماجی کارکن و عیسائی قائد شریمتی پروفیسر والینیٹنا ‘ ایس سی ‘ بی سی اور ایس ٹی نگم قائد بی نرسیا ‘ سابق میونسپل چیرمین شیح دستگیر ‘ کمیونسٹ قائد ایم آنند ‘ ایم اے مبین ‘ ڈاکٹر قریشی ‘ احمد سہیل ‘ جاوید کے علاوہ مسلم ‘ ہندو ‘ عیسائی اور دلتوں کے قائدین نے اس احتجاجی پروگرام میں شرکت کرتے ہوئے مرکزی حکومت کی جانب سے سی اے اے اور این آر سی کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت کے خلاف اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کو چاہئے کہ دستور اور بی آر امبیڈکر کے قانون کے مطابق عمل آوری کرنے کا مطالبہ کیا گیا ۔ اور سی اے اے بل کو واپس لینے کا بی جے پی پارٹی اور وزیراعظم سے پرزور مطالبہ کیا گیا ۔ اگر سی اے اے واپس نہ لینے پر احتجاجی پروگراموں میں شدت پیدا کرنے کا مرکزی حکومت کو انتباہ دیا گیا ۔