ضلع کے مختلف علاقوں میں پولیس الرٹ ، دیگر نکسلائیٹس فرار ، انچارج ایس پی کا بیان
حیدرآباد۔ کاغذ نگر منڈل کے گاؤں کڑمبہ کے جنگلاتی علاقہ میں کل رات پیش آئے پولیس انکاونٹر میں دو نکسلائیٹس ہلاک ہوگئے ۔ ہتھیار اور ضروری اشیاء برآمد کرلئے گئے ۔ تفصیلات کے بموجب تلنگانہ کے ضلع کے آصف آباد کے علاقوں میں گزشتہ ایک مہینہ سے نکسلائیٹس دلم قائدین کی متحدہ ضلع عادل آباد کے جنگلاتی علاقوں میں موجود رہنے کی اطلاعات عوام میں گشت کررہی تھی ۔ اس ضمن میں تلنگانہ کے ڈی جی پی مہیندر ریڈی نے بھی آصف آباد ضلع میں قیام کرتے ہوئے نکسلائیٹس کی سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلی طور پر جائزہ لیا تھا اور سارے متحدہ ضلع عادل آباد کے علاقوں میں پولیس کی جانب سے ہائی الرٹ کا اعلان کرتے ہوئے سیاسی قائدین کو چوکنا رہنے کی بھی ہدایت جاری کی گئی تھی اور خصوصاً پولیس کی جانب سے تقریباً 19 پولیس گشت ٹیموں کو متحدہ ضلع عادل آباد کے جنگلاتی علاقوں میں پٹرولنگ کی جارہی تھی ۔ /19 ستمبر کو ضلع کمرم بھیم آصف آباد کے کاغذ نگر منڈل کے گاؤں کڑمبہ میں رات کے اوقات پولیس گشت ٹیموں کی جانب سے تلاشی مہم لی جارہی تھی ۔ اسی اثناء میں پولیس اور نکسلائیٹ کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہونے پر محکمہ پولیس کی جانب سے جوابی کارروائی کرنے کے دوران دو نکسلائیٹ ایک نیریڈی کنٹہ کا ساکن باجی راؤ اور ایک چھتیس گڑھ کا متوطن چوکالو نامی نکسلائیٹ ہلاک ہوگیا اور دوسرے نکسلائیٹ سنٹرل کمیٹی ارکان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔ انکاؤنٹر کے بعد دونوں نکسلائیٹس کے ہمراہ AK47 دو ہتھیار اور ضروری اشیاء برآمد ہوئی ہیں ۔ اس کی اطلاع انچارج سپرنٹنڈنٹ پولیس ستیہ نارائن نے پولیس انکاؤنٹر کے مقام پر مقامی اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے دی ۔ اس موقع پر اڈیشنل ایس پی وائی ایس سودمندر بھی موجود تھے ۔