کالاپتھر روڈی شیٹر کے قتل میں ملوث ملزمین گرفتار

   

حیدرآباد۔ کالاپتھر علاقہ کے روڈی شیٹر شاہ نور غازی قتل کیس میں ملوث 9 ملزمین کو گرفتار کر لیا اور ان کے قبضہ سے قتل میں استعمال کئے گئے ہتھیار برآمد کرلئے۔ تحقیقات میں پولیس کو یہ معلوم ہوا ہیکہ بھائی کے قتل کا بدلہ لینے کے لئے محمد ارباز نے شاہ نور کا قتل کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق 19 جولائی کی شب بعض نامعلوم افراد نے شاہ نور غازی کا علاقہ کالاپتھر بشارت نگر میں ہتھیاروں سے حملہ کرکے قتل کردیا تھا اور وہاں سے فرار ہوگئے تھے۔ پولیس کالاپتھر نے اس سلسلہ میں قتل کا مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا تھا۔ تحقیقات کے دوران مقامی پولیس اور ٹاسک فورس نے 9 افراد بشمول ایک کم عمر ملزم کو گرفتار کیا ہے۔ بتایا جا تا ہیکہ سال 2018میں شاہ نور نے محمد مشتاق نامی شخص کا قتل کیا تھا۔ مقتول کے بھائی محمد ارباز اپنے بھائی کے قتل کا بدلہ لینے کے لئے ایک منصوبے کے تحت شاہ نور کو اپنے ساتھوںمحمدسیف علی،محمد قطب الدین، سید رشید، محمد جاوید، شہبازخان، سید عبدل فرہان، محمد امیر، منیر کے علاوہ ایک کم عمر کے ہمرہ 19 جولائی کی شب شاہ نور کی آنکھوں میں لال مرچ چھڑک کر چاقوؤں سے حملہ کر کے قتل کردیا۔ پولیس نے تمام ملزمین کو عدالت میں پیش کر تے ہوئے جیل منتقل کر دیا۔