کالا دھن باہر لانے معافی اسکیم کی ضرورت : کے سی آر

   

حیدرآباد 19 فبروری ( پی ٹی آئی ) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو نے آج کہا کہ مرکز کو ٹیکس چوری کرنے والوں کیلئے ایک معافی اسکیم کا اعلان کرنا چاہئے تاکہ کالے دھن کا انکشاف کرنے والوں کی حوصلہ افزائی ہوسکے ۔ پندرہویں فینانس کمیشن کے ساتھ ملاقات میں کے سی آر نے کہا کہ ہم کو کالے دھن کو باہر لانے کیلئے اور اسے انفرا اسٹرکچر شعبہ میں مشغول کرنے کیلئے ایک پرکشش اور قابل عمل ٹیکس معافی اسکیم کا اعلان کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ انڈونیشیا میں ایمنسٹی اسکیم 2016-17 میں متعارف کروائی گئی تھی جس کے نتیجہ میں 366 بلین ڈالرس کے کالے دھن کا انکشاف ہوا تھا ۔ چیف منسٹر نے ایک پریس نوٹ میں کہا کہ ہر ہندوستانی کو ٹیکس دہندہ ہونا چاہئے اور اسے قوم کی تعمیر میں شراکت دار ہونا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایک روپیہ بھی ہو تو ٹیکس دہندگان کو رضاکارانہ طور پر یہ ادا کرنا چاہئے ۔