کالا پتھر میں ایک شخص کے قتل کی واردات

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد۔8 ۔ جولائی (سیاست نیوز) پرانے شہر کالا پتھر میں آج شام سنسنی خیز قتل کی واردات پیش آئی جس میں ایک شخص کا قتل کردیا گیا۔ پولیس کے بموجب 45 سالہ مکرم علی ساکن چنے کی بھٹی مصری گنج اپنے مکان کے باہر شام 4.30 بجے بیٹھے تھے کہ دو نامعلوم افراد نے ان پر حملہ کردیا اور چاقو سے ضربات لگاتے ہوئے قتل کردیا ۔ اس واقعہ کے بعد عوام میں خوف و ہراس کا ماحول پیدا ہوگیا ۔ انسپکٹر کالا پتھر ایس سدرشن نے کہا کہ مقتول سید مکرم علی کا قتل پرانی مخاصمت کا نتیجہ ہوسکتا ہے ۔ انہوں نے شبہ ظاہر کیا کہ قتل کے پس پردہ ارباز اور اس کا ساتھی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مقتول کی بیٹی جو طالبہ ہے، نے سابق میں ارباز کے خلاف چھیڑ چھاڑ کا مقدمہ درج کروایا تھا ۔ بعد ازاں ارباز نے بھی مکرم علی اور رشتہ داروں کے خلاف اغواء کا الزام عائد کرکے کاماٹی پورہ پولیس میں مقدمہ درج کروایا جو زیر دوران ہے۔ پولیس نے مقام واردات سے شواہد اکھٹا کئے اور کلوز ٹیم کو طلب کیا جبکہ ابتدائی تحقیقات میں یہ ظاہر ہوا ہے کہ مکرم علی پر تیز دھار چاقوؤں سے حملہ کر کے ان کا قتل کیا گیا ہے اور جسم پر کئی ضربات پائے جاتے ہیں۔ پولیس کالاپتھر نے ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا۔