پرانی مخاصمت قتل کی وجہ، کالا پتھر پولیس کی کارروائی
حیدرآباد : /11 جولائی (سیاست نیوز) کالا پتھر پولیس نے سید مکرم علی قتل کیس میں ملوث باپ اور بیٹے کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضے سے ہتھیار برآمد کرلئے ۔ انسپکٹر کالاپتھر پولیس اسٹیشن ایس سدھاکر نے کہا کہ 3 دن قبل علاقہ چنے کی بھٹی میں 44 سالہ سید مکرم علی کا بعض افراد نے قتل کردیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ کیس کی تحقیقات کا آغاز کیا گیا تھا جس میں محمد ارباز اور اس کے باپ محمد حامد خان کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ کالا پتھر پولیس نے بتایا کہ یہ قتل پرانی مخاصمت کا نتیجہ ہے چونکہ سال 2017 ء میں ارباز نے مقتول مکرم علی کی بیٹی سے چھیڑ چھاڑ کی تھی جس کے نتیجہ میں ایک مقدمہ درج کروایا گیا تھا ۔ اتنا ہی نہیں مکرم علی نے ارباز کا اغواء کرتے ہوئے اس کی پٹائی کی تھی اور اس ضمن میں کاماٹی پورہ پولیس اسٹیشن میں اغواء کا مقدمہ درج کیا گیا تھا جو زیردوراں ہے ۔ انسپکٹر کالا پتھر پولیس اسٹیشن نے مزید کہا کہ گزشتہ چند دنوں سے مکرم علی ، ارباز کو اغواء کے کیس کی یکسوئی کیلئے اصرار کررہا تھا اور اسے مبینہ طور پر دھمکارہا تھا ۔ ارباز نے مخاصمت کے نتیجہ میں سید مکرم علی پر اس کے مکان کے قریب چاقو سے حملہ کرکے بہیمانہ قتل کردیا اور پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ اس قتل میں ارباز کا باپ محمد حامد خان نے بھی مدد کی ۔ گرفتار ملزمین کو عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل بھیج دیا جائے گا ۔
