کالا پتھر میں مختار قتل کیس کے ملزمین گرفتار

   

حیدرآباد 15 جولائی (سیاست نیوز) کالاپتھر کے سید مختار کے قتل کیس کے 6 خاطیوں کو گرفتار کرتے ہوئے اُن کے قبضہ سے قتل میں استعمال کئے گئے ہتھیار اور دیگر اشیاء ضبط کرلئے۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس چارمینار بی انجیا نے بتایا کہ 21 سالہ سید مختار علی ساکن پھول باغ کالاپتھر کا اُس وقت قتل کردیا گیا تھا جب وہ مغرب کی نماز ادا کرکے مکان لوٹ رہا تھا۔ اُنھوں نے کہاکہ مختار کے قتل کیس میں ملوث 36 سالہ احمد بن سالم عرف احمد یافعی ساکن مصری گنج کاماٹی پورہ اور دیگر ساتھی 23 سالہ حسن بن رؤف ساکن جہاں نما، 32 سالہ ابو مصری، 68 سالہ صمد مصری اور 23 سالہ سید حیدر محی الدین کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ اِس کیس کے دیگر ملزمین محمد بن رؤف، سالم بن عبداللہ، عود بن عبود سعیدی ہنوز مفرور ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ قتل کی اِس سنگین واردات میں 17 سالہ طالب علم بھی ملوث ہے۔ اے سی پی نے کہاکہ اِس کیس کے تمام ملزمین کے خلاف ہسٹری شیٹس کھولی جائیں گی۔ اے سی پی انجیا نے کہاکہ قتل کیس کے کلیدی ملزم احمد یافعی اور مقتول سید مختار علی کے درمیان پرانی مخاصمت چل رہی تھی۔ اُنھوں نے کہاکہ مخاصمت کے نتیجہ میں ماہ رمضان کے دوران 31 مئی کو دونوں کے درمیان جھگڑا ہوا تھا اور اِس ضمن میں شاہ علی بنڈہ اور کاماٹی پورہ میں دو علیحدہ مقدمات درج کئے گئے تھے۔ شخصی مخاصمت کے نتیجہ میں احمد یافعی نے سید مختار علی کا منصوبہ بند طریقہ سے قتل کردیا۔ گرفتار ملزمین کے قبضہ سے قتل میں استعمال کئے گئے خنجر اور دیگر اشیاء ضبط کرتے ہوئے اُنھیں نامپلی کریمنل کورٹ میں پیش کرکے جیل منتقل کردیا گیا۔