کالا ہرن فروخت کرنے کی کوشش ، 3 افراد گرفتار

   

حیدرآباد ۔ /26 نومبر (سیاست نیوز) ٹاسک فورس پولیس نے پرانے شہر سے تعلق رکھنے والے تین افراد کو گرفتار کرلیا جو غیرقانونی طورپر کالے ہرن کے بچے کو فروخت کرنے کی کوشش کررہے تھے ۔ پولیس کمشنر حیدرآباد انجنی کمار نے کہا کہ 58 سالہ محمد انور علی ساکن کشن باغ بہادر پورہ مرغی چوک میں پرندے فروخت کیا کرتا ہے ۔ انور علی اکثر مختلف قسموں کے پرندے اور جانور حاصل کرتے ہوئے خواہشمند گاہکوں کو فروخت کیا کرتا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ انور علی نے اپنے ایک ساتھی 20 سالہ محمد جاوید سے رابطہ قائم کیا اور دونوں نے ونپرتی سے تعلق رکھنے والے شکاری سی ایچ سدیا کی مدد سے ہرن کا بچہ حاصل کرتے ہوئے اسے شہر منتقل کیا ۔ پولیس کمشنر نے کہا کہ انور اور جاوید اکثر کالا ہرن کا گوشت 3 ہزار روپئے کیلو فروخت کیا کرتے ہیں اور اسے آسانی سے بھاری رقومات حاصل کرتے ہیں ۔ کمشنر نے مزید بتایا کہ ہرن کی خرید و فروخت قانونی جرم ہے اور وائلڈ لائف پروٹیکشن ایکٹ کے تحت کارروائی کی جاتی ہے ۔ گرفتار ملزمین کو محکمہ جنگلات کے حوالے کردیا ۔