کالجس انتظامیہ کے ساتھ عہدیداروں کا اجلاس، امتحانات کے انعقاد تک مہلت
حیدرآباد ۔24۔ فروری (سیاست نیوز) اسپیشل چیف سکریٹری محکمہ تعلیم شریمتی چترا رام چندرن نے خانگی جونیئر اور ڈگری کالجس کے انتظامیہ اور ان کی اسوسی ایشن کے نمائندوں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا جس میں بعض کالجس کی جانب سے فائر سیفٹی سے متعلق این او سی پیش نہ کرنے کا مسئلہ زیر بحث رہا۔ اجلاس میں ڈائرکٹر جنرل فائر سرویسز ، کمشنر کالجیٹ ایجوکیشن ، سکریٹری بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی ۔ ہائی کورٹ نے فائر سیفٹی سے متعلق جو احکامات جاری کئے، ان پر عمل آوری کا جائزہ لیا گیا ۔ کالج انتظامیہ کو ہائی کورٹ کے احکامات اور ابھی تک این او سی داخل نہ کرنے والے کالجس کی فہرست سے واقف کرایا گیا ۔ کالجس نے فائر این او سی داخل کرنے کے بجائے حلفنامہ داخل کیا ہے کہ وہ آئندہ سال کالج کو دوسری عمارت میں منتقل کردیں گے ۔ اس حلفنامہ پر عمل نہیں ہوا اور گزشتہ چند برسوں سے کالجس اسی عمارت میں کام کر رہے ہیں۔ ہائی کورٹ نے ایسے کالجس کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 25 فروری تک رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی۔ کالجس کے انتظامیہ سے ہائی کورٹ کے احکامات پر عمل آوری کے سلسلہ میں رائے حاصل کی گئی ۔ شریمتی چترا رام چندرن نے کالجس انتظامیہ سے خواہش کی کہ وہ ہائی کورٹ کے احکامات پر عمل آوری میں تعاون کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ آئندہ تعلیمی سال سے فائر این او سی کے بغیر کسی بھی کالج کو غیر محفوظ عمارتوں میں کام کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ کالجس کے انتظامیہ نے امتحانات کی تکمیل تک مہلت دینے کی درخواست کی کیونکہ آئندہ چند دنوں میں امتحانات کا آغاز ہوگا۔ کمشنر کالجیٹ ایجوکیشن نوین متل اور سکریٹری بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن سید عمر جلیل اجلاس میں شریک تھے۔