کالجس میں ’’نواسموکنگ‘‘ بورڈس لگانے کی ہدایت

   

حیدرآباد ۔ 7 مارچ (سیاست نیوز) کمشنر انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن نے تلنگانہ کے ڈسٹرکٹ انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن آفیسرس، نوڈل آفیسرس جونیر کالجس کے پرنسپلس سے کہا ہیکہ کالج کیمپس کو ’تمباکو سے پاک‘ بنائیں۔ جونیر کالجس کے پرنسپلس کو ہدایت دی گئی ہیکہ تمام جونیر کالجس کیمپس میں ’’نواسموکنگ‘‘ کے سائن بورڈس لگائے جائیں۔ کمشنر نے تعلیمی اداروں کو یہ ہدایت بھی دی کہ ان کیمپس کو ’’ٹوباکو فری‘‘ ہونے کا اعلان کریں اور والینٹری ہیلت اسوسی ایشن آف انڈیا کے ساتھ تعاون کریں۔ انڈین ڈینئل اسوسی ایشن کے سکریٹری ڈاکٹر اے سری کانت نے کہا کہ یہ کمشنر آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کا اقدام قابل خیرمقدم ہے جنہوں نے تمباکو کے استعمال سے طلبہ کو دور رکھنے کے اہم پہلو پر توجہ دی ہے۔ اس طرح کے اقدامات بہت اہم ہیں اور بچوں کی صحت کی حفاظت میں ان کا اہم اور کلیدی رول ہوتا ہے‘‘۔ تلنگانہ میں تمباکو اشیاء کا استعمال بہت زیادہ کیا جاتا ہے اور گلوبل آڈلٹ ٹوباکو سروے آف انڈیا 2016-17ء کے مطابق 15 سال اور اس سے زیادہ عمر کے 17.8 فیصد بالغ افراد ریاست میں کسی نہ کسی شکل میں تمباکو کا استعمال کرتے ہیں۔