کالجس کو فیس وصولی کی اجازت، ہائیکورٹ کے فیصلہ کیخلاف حکم التواء حاصل کرنے حکومت پر زور

   

طلبہ اور کالجس کے درمیان تال میل کیلئے میکانزم ترتیب دینے کا مطالبہ، اسیم اور ایس آئی او کا مشترکہ بیان
حیدرآباد۔5۔اپریل(سیاست نیوز) کالجس کو فیس کی وصولی کی اجازت سے متعلق تلنگانہ ہائی کورٹ کے احکام کے خلاف فوری طور پر حکومت عدالت میں درخواست داخل کرتے ہوئے حکم التواء حاصل کرنے کے اقدامات کرے۔عدالت میں طلبہ کی فیس کے معاملہ میں مقدمہ دائر کرتے ہوئے طلبہ کے مفادات کا تحفظ کرنے والی تنظیمیں ’’اسیم ‘‘ اور اسٹوڈینٹس اسلامک آرگنائزیشن نے حکومت تلنگانہ سے مطالبہ کیا کہ تلنگانہ ہائی کورٹ نے تعلیمی سال 2026-27 میں کالجس کو طلبہ سے راست فیس حاصل کرنے کے سلسلہ میں جو احکام جاری کئے ہیں ان کے خلاف فوری طور پر حکم التواء حاصل کرنے کے لئے درخواست داخل کرے تاکہ طلبہ کو فیس بازادائیگی اور حکومت کے ذریعہ مفت تعلیم کا سلسلہ جاری رہ سکے۔جناب محمد حمادالدین ریاستی سیکریٹری ایس آئی او تلنگانہ اور جناب ایس کیو مسعود سیکریٹری ’اسیم ‘ نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ کالجس کے انتظامیہ کو اداشدنی فیس بازادائیگی اسکیم کی رقومات کی فوری طور پر اجرائی عمل میں لاتے ہوئے ریاستی حکومت کالجس کے انتظامیہ کو راحت پہنچانے کے علاوہ عدالت کے احکامات سے طلبہ ‘ اولیائے طلبہ اور سرپرستوں میں پھیلنے والی بے چینی کو دور کرنے کے اقدامات کرے۔دونوں تنظیموں کے ذمہ داروں نے ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا کہ مستحق طلبہ کو مفت اعلیٰ تعلیم کے سلسلہ کو جاری رکھنے کے لئے فوری طور پر حکومت کو حرکت میں آتے ہوئے اقدامات کرنے چاہئے کیونکہ جن 14 کالجس نے عدالت کے ذریعہ طلبہ سے راست فیس وصول کرنے کی اجازت حاصل کی ہے ان کو بنیاد بناتے ہوئے ریاست کے دیگر کالجس کی جانب سے بھی اس طرح کے احکامات حاصل کرنے کے اقدامات کئے جانے کا قوی امکان ہے اسی لئے حکومت کو فوری حرکت میں آنا چاہئے ۔عدالت کے احکامات پر حکومت کی خاموشی کو حیرت انگیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کو فوری ردعمل ظاہر کرتے ہوئے طلبہ اور کالجس کے درمیان تال میل کو بہتر بنانے اور بروقت فیس کی اجرائی کو یقینی بنانے کے سلسلہ میں اقدامات کے لئے بہتر میکانزم تیار کیا جائے تاکہ طلبہ اور کالجس کے انتظامیہ دونوں کو ہی کسی بھی طرح کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے اور طلبہ کو مفت اعلیٰ تعلیم کا سلسلہ جاری رکھا جاسکے۔ حکومت فوری صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس منعقد کرے۔3؍M؍V