حیدرآباد /27 فروری ( سیاست نیوز ) کالج پرنسپل کی مبینہ دھمکی اور والدین کو طلب کرنے کے مطالبہ سے دلبرداشتہ ایک طالب علم نے خودکشی کرلی ۔ نارسنگی پولیس حدود میں یہ واقعہ پیش آیا ۔ جہاں 17 سالہ سنجیو کمار نے کل ہاسٹل کے کمرے میں پھانسی لیکر انتہائی اقدام کرلیا ۔ سنجیو کمار انٹر سال دوم کا طالب علم تھا جو نارسنگی علاقہ میں واقع ایک خانگی کالج میں پڑھتا تھا اور ہاسپٹل میں رہتا تھا ۔ جس کا آبائی مقام مٹ پلی بتایا گیا ہے ۔ 25 فروری کے دن کمار اس کے ساتھیوں کے ہمراہ اجازت حاصل کرنے کے بعد باہر گیا اور رات دیر گئے واپس ہوا ۔ سیکوریٹی عملہ نے اس کی تلاشی لی جس کے قریب سے گھٹکہ اور سگریٹ دستیاب ہوا ۔ سیکوریٹی نے اس بات سے کالج کے پرنسپل کو واقف کروایا ۔ کالج کے پرنسپل نے کمار کو طلب کرتے ہوئے اس کو ڈانٹ ڈپٹ کا نشانہ بنایا اور والد کو طلب کرنے کی دھمکی دی اور اس بات سے خوف کا شکار اس نے خودکشی کرلی ۔ پولیس نارسنگی نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔