کالعدم ٹی ٹی پی کیخلاف فیصلہ کن کارروائی کرنے پاکستان کا زور

   

استنبول میں پاک۔ افغان طالبان کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور جاری

استنبول ۔26؍اکتوبر ( ایجنسیز ) پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور شروع ہوگیا۔ ثالثوں کی موجودگی میں جاری مذاکرات سے قبل دونوں ملکوں نے اپنی اپنی تجاویز کے جواب میں دوبارہ تجاویز پیش کردیں۔میڈیا کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ ترکیہ کے شہر استنبول میں پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور جاری ہے۔ذرائع کے مطابق استنبول میں جاری مذاکرات میں ثالث بھی موجود ہیں۔واضح رہے کہ دونوں ممالک کے درمیان استنبول کے مقامی ہوٹل میں مذاکرات کے دوسرے دورکا پہلا مرحلہ ہفتہ 25 اکتوبر کی دوپہر شروع ہوا جو تقریباً 9 گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہا۔سفارتی ذرائع نے بتایا کہ افغان طالبان نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی نئی جگہ پر آباد کاری کے حوالے سے پاکستان کو تجویز پیشکش کی جسے مسترد کر دیا گیا۔ذرائع نے بتایا تھا کہ طالبان نمائندوں نے کالعدم ٹی ٹی پی کو پاکستانی سرحد سے دور منتقل کرنے کی پیشکش کی تھی جس کے جواب میں پاکستان نے افغان طالبان سے کالعدم ٹی ٹی پی کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرنے کے وعدوں پر عملدرآمد پر زور دیا۔پاکستان نے مطالبہ کیا کہ افغان طالبان عالمی برادری کے ساتھ کئے گئے اپنے وعدے پورے کریں۔سفارتی ذرائع نے بتایا تھا کہ پاکستان کا 7 رکنی وفد سینئر عسکری، انٹیلی جنس اور وزارتِ خارجہ کے حکام پر مشتمل ہے جب کہ افغانستان کے 7 رکنی وفد کی قیادت نائب وزیرِ داخلہ کررہے ہیں۔