حیدرآباد ۔ مالاویکا موہنن جنوبی سنیماکی مقبول اداکارہ ہیں۔ اپنی زبردست اداکاری کی وجہ سے مالاویکا نے اپنے مداحوں کے دلوں میں ایک خاص جگہ بنائی ہے۔ حال ہی میں مالاویکا ساؤتھ کے سوپر اسٹار چیا وکرم کے ساتھ ‘تنگلان’ میں نظر آئیں۔ یہ فلم 15 اگست کو تامل، تیلگو، کنڑ اور ملیالم زبانوں میں ریلیز ہوئی تھی اور اب جلد ہی ہندی زبان میں بھی ریلیز ہونے جا رہی ہے۔ اس فلم میں مالاویکا خصوصی طاقتوں کے حامل قبیلے کے رہنما کا کردار ادا کر رہی ہیں۔ اس کردار میں انہیں پسند کیا جا رہا ہے۔ اس دوران مالاویکا نے پربھاس کے ساتھ اپنی اگلی فلم دی راجہ صاحب کے بارے میں بات کی ہے۔ مالاویکا نے اپنے ایک انٹرویو میں دی راجہ صاحب میں اپنے کردارکے بارے میں بتایا ہے۔ مالاویکا نے بتایا کہ انہوں نے پربھاس کے ساتھ فلم دی راجہ صاحب کے لیے کالکی کی ریلیز سے بہت پہلے کام شروع کر دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پربھاس پہلے بھی عاجز تھے اور کالکی کی کامیابی کے بعد بھی وہ وہی ہیں، ان میں معمولی تبدیلی بھی نہیں آئی ہے۔ کالکی کو لوگوں کی طرف سے بہت اچھا پیار ملا۔ اس فلم نے دنیا بھر میں 1100 کروڑ روپے سے زیادہ کی کمائی کی ہے۔ مالاویکا نے کہا کہ پربھاس جب بھی سیٹ پر آتے ہیں تو مثبت توانائی لاتے ہیں۔ کالکی کی کامیابی کے بعد ان کی مثبت توانائی اور بھی بڑھ گئی ہے۔ مالاویکا نے کہا ان کے ساتھ کام کرنا میرے لیے اعزازکی بات ہے۔ تیلگو انڈسٹری میں ان کے ساتھ کام کرنا بہت بڑی بات ہے۔ شوٹنگ کے دوران ہم نے بہت ہنسا اور مذاق کیا جس کی عکاسی میرے خیال میں فلم میں بھی ہوگی۔ ہماری پوری ٹیم بہت اچھی ہے اور اس نے میرے کام کے دوران میری بہت مدد کی ہے۔ یاد رہے کہ تنگلان کے بنانے والوں نے حال ہی میں سوشل میڈیا پر پوسٹر شائع کیا ہے اور ہندی زبان میں فلم کی ریلیز کا اعلان کیا۔ پوسٹرمیں لکھا کہ سونے کا سورج 30 اگست کو شمالی ہندوستان میں طلوع ہورہا ہے۔