پی سی گھوش کمیشن کے خلاف درخواستیں، 25 فروری کو آئندہ سماعت
حیدرآباد ۔19 ۔ جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے بی آر ایس کے سربراہ کے سی آر اور سابق وزیر ہریش راؤ کے علاوہ دوسروں کو کالیشورم پراجکٹ میں بے قاعدگیوں سے متعلق جانچ کرنے والے پی سی گھوش کمیشن کی رپورٹ کی بنیاد پر کسی بھی کارروائی سے 25 فروری تک راحت دی ہے ۔ چیف جسٹس اپریش کمار سنگھ اور جسٹس جی ایم محی الدین پر مشتمل بنچ نے بی آر ایس قائدین کی عبوری راحت میں توسیع کرتے ہوئے کمیشن کی رپورٹ کی بنیاد پر 25 فروری تک کوئی کارروائی نہ کرنے کی ہدایت دی ہے۔ کے سی آر ، ہریش راؤ ، سابق چیف سکریٹری شیلندر کمار جوشی اور سینئر آئی اے ایس عہدیدار سمیتا سبھروال کی درخواست پر چیف جسٹس بنچ نے سماعت کی ۔ ہائی کورٹ نے گزشتہ سال نومبر میں کے سی آر اور دوسروں کو راحت دیتے ہوئے آج سماعت مقرر کی تھی۔ عدالت نے حکومت کو حلفنامہ داخل کرنے کیلئے 4 ہفتوں کی مہلت دی جبکہ درخواست گزاروں کو اپنا موقف پیش کرنے تین ہفتوں کا وقت دیا گیا ۔ جسٹس پی سی گھوش نے اپنی رپورٹ میں کالیشورم پراجکٹ میں بے قاعدگیوں کیلئے کے سی آر ، ہریش راؤ اور دوسروں کو ذمہ دار قرار دیا تھا ۔ کمیشن رپورٹ کی بنیاد پر کسی کارروائی سے بچنے قائدین اور عہدیدار ہائی کورٹ سے رجوع ہوئے جس میں کمیشن کی رپورٹ کالعدم کرنے کی اپیل کی گئی ۔ ایڈوکیٹ جنرل نے حلفنامہ داخل کرنے کیلئے مہلت طلب کی جس پر ہائی کورٹ نے 20 فروری تک حلفنامہ داخل کرنے کی ہدایت دی اور 25 فروری کو سماعت مقرر کی ہے ۔ اس وقت تک کمیشن کی رپورٹ کی بنیاد پر درخواست گزاروں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جائے گی۔1