کالیشورم تحقیقاتی کمیشن کیخلاف کے سی آر کی درخواست کی آج ہائی کورٹ میں سماعت

   

حیدرآباد ۔ 20 ۔ اگست (سیاست نیوز) سابق چیف منسٹر کے سی آر اور سابق وزیر آبپاشی ہریش راؤ کی جانب سے کالیشورم پراجکٹ کی تعمیر میں بے قاعدگیوں سے متعلق جسٹس پی سی گھوش کمیشن رپورٹ کے خلاف دائر کی گئی درخواست کی ہائی کورٹ میں کل 21 اگست کو سماعت ہوگی۔ کالیشورم پراجکٹ کے علاوہ میڈی گڈا ، انارم اور سندیڑلا بیاریجس کی تعمیر میں مبینہ بے قاعدگیوں کی جانچ کیلئے کانگریس حکومت نے جسٹس پی سی گھوش کمیشن قائم کیا تھا۔ 14 مارچ 2024 کو قائم کردہ کمیشن نے 16 ماہ تک تحقیقات کو جاری رکھا اور جولائی کے اواخر میں حکومت کو اپنی رپورٹ پیش کردی۔ کمیشن نے کے سی آر ، ہریش راؤ ، ایٹالہ راجندر کے علاوہ محکمہ آبپاشی کے اعلیٰ عہدیدار اور چیف سکریٹری کو طلب کرتے ہوئے بیانات ریکارڈ کئے تھے ۔ تلنگانہ حکومت کمیشن کی رپورٹ کو اسمبلی میں پیش کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے اور مباحث کے بعد کمیشن کی تجاویز پر فیصلہ کیا جائے گا۔ کے سی آر اور ہریش راؤ نے کمیشن کی رپورٹ کو کالعدم قرار دینے کیلئے ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ کمیشن کی رپورٹ حقائق پر مبنی نہیں ہے۔1