ہریش راؤ کی چیف منسٹر کو مبارکباد، پراجکٹ کی تکمیل میں پیشرفت
حیدرآباد۔ /22 اگسٹ ، ( سیاست نیوز) کالیشورم لفٹ اریگیشن اسکیم کے تحت حکومت کو اس وقت اہم کامیابی ملی جب کالیشورم سے ملنا ساگر ذخیرہ آب میں پانی چھوڑا گیا۔ آج صبح کی ابتدائی ساعتوں میں کالیشورم کا پانی ملنا ساگر پہنچا۔ عہدیداروں نے تکا پور میں ٹرائیل رن کا آغاز کیا اور کالیشورم سے پانی کا رُخ ملنا ساگر کی طرف موڑ دیا۔ تکا پور میں 8 ہیوی موٹرس نصب کئے گئے ہیں۔ 5 مختلف ذخائر آب سے گذر کر پانی ملنا ساگر پہنچے گا۔ پراجکٹ میں 50 ٹی ایم سی پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش موجود ہے اور حکومت گنجائش میں مزید 10 ٹی ایم سی اضافہ کے اقدامات کررہی ہے۔ کالیشورم پراجکٹ کے تحت ملنا ساگر ذخیرہ آب کی تکمیل سے متحدہ اضلاع میدک ، نلگنڈہ اور نظام آباد کو آبپاشی کیلئے پانی حاصل ہوگا۔ وزیر فینانس ہریش راؤ نے ملنا ساگر ٹرائیل رن پر مسرت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے پراجکٹ کی تکمیل پر چیف منسٹر کے سی آر کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کا دیرینہ خواب مکمل ہوا ۔ کسانوں میں مسرت کی لہر ہے۔ ہریش راؤ نے ٹوئٹر پر ملنا ساگر میں پانی چھوڑے جانے پر مسرت کا اظہار کیا۔ ہریش راؤ نے کہا کہ آبپاشی پراجکٹس کی تکمیل میں کے سی آر حکومت سنجیدہ ہے اور کالیشورم پراجکٹ نے مقررہ مدت میں تکمیل کے ذریعہ عالمی سطح پر اپنی شناخت بنائی ہے۔R
