حیدرآباد۔/23فروری، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کالیشورم پراجکٹ کی تعمیر روکنے کیلئے دائر کردہ مقدمات کے سلسلہ میں اس وقت کے چیف جسٹس ہائی کورٹ سے بات چیت کا انکشاف کیا ہے۔ ملنا ساگر ذخیرہ آب کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران کے سی آر نے کہا کہ کالیشورم پراجکٹ جو ملک کا سب سے بڑا پراجکٹ ہے اسے روکنے کیلئے بعض عناصر نے عدالت میں مقدمہ دائر کیا۔ اس وقت میں نئی دہلی میں تھا۔ میں نے وہاں سے ریاست کے چیف جسٹس سے فون پر بات کی اور انہیں بتایا کہ کالیشورم پراجکٹ تلنگانہ کیلئے شہہ رگ کی طرح ہے۔ میں نے چیف جسٹس سے اس معاملہ میں فراخدلی کے ساتھ جائزہ لینے اور پراجکٹ کو بچانے کی اپیل کی جس کے بعد عدالت نے پراجکٹ کے حق میں واضح احکامات جاری کئے۔ کالیشورم پراجکٹ کے خلاف تقریباً 600 سے زائد مقدمات دائر کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ کئی انجینئرس نے سبکدوشی کے باوجود پراجکٹ کیلئے کام کیا۔ میں تمام انجینئرس کو سلام کرتا ہوں۔ دھوپ، سردی اور بارش کی پرواہ کئے بغیر انجینئرس اور ورکرس نے دن رات کام کیا ہے۔ یہ پراجکٹ دراصل تلنگانہ میں خشک سالی کے مستقل خاتمہ کا ذریعہ ثابت ہوگا۔ر