شہری علاقوں کی ترقی کانگریس سے ممکن، رکن پارلیمنٹ وینکٹ ریڈی کی تقریر
حیدرآباد۔/18 جنوری، ( سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے الزام عائد کیا کہ کالیشورم پراجکٹ کی تعمیر کا مقصد کمیشن کے نام پر بھاری رقومات حاصل کرنا ہے۔ وینکٹ ریڈی نے سدی پیٹ ضلع کے چیریال اور دیگر علاقوں میں بلدی انتخابات کے سلسلہ میں کانگریس کی انتخابی مہم میں حصہ لیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کالیشورم پراجکٹ کی تعمیر میں کے سی آر اور کے ٹی آر نے کروڑہا روپئے حاصل کئے ہیں۔ ریاست میں آبپاشی پراجکٹس کی تعمیر کے ذریعہ کنٹراکٹرس سے بھاری کمیشن حاصل کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر کو گجویل اور کے ٹی آر کو سرسلہ کے علاوہ کوئی اور علاقے دکھائی نہیں دیتے۔ صرف اپنے علاقوں کی ترقی پر توجہ مبذول کی گئی جبکہ دیگر علاقوںکو نظرانداز کردیاگیا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کانگریس کے حق میں ووٹ دے کر اپنی بلدیات کی ترقی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد چیریال کو بری طرح نظرانداز کردیاگیا ہے۔ جدوجہد کی سرزمین چیریال حکومت کی عدم توجہی کا شکار ہے۔ چیریال کو ریونیو ڈیویژن بنانے کیلئے عوام نے جدوجہد کی تھی ۔ انہوں نے حکومت پر انتخابی وعدوں کی تکمیل میں ناکامی کا الزام عائد کیا اورکہا کہ رعیتو بندھو، ڈبل بیڈ روم فراہم نہیں کئے گئے۔ دلت کو چیف منسٹر بنانے کا وعدہ فراموش کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بلدیات میں ترقیاتی کام صرف کانگریس دور حکومت میں انجام دیئے گئے تھے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کے سی آر اور کے ٹی آر کے اثاثہ جات میں 50 کروڑ کا اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین کو عبوری راحت کی فراہمی میں حکومت ناکام ہوگئی۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ کیلئے جدوجہد کرنے والوں کو ٹی آر ایس نظرانداز کرچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے بلدیات کی ترقی کیلئے منصوبہ بند منشور تیار کیا ہے۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ ڈیکٹیٹر شپ کے خاتمہ کیلئے عوام کو چاہیئے کہ کانگریس کو کامیاب کریں۔