کالیشورم پراجکٹ پر جسٹس چندر گھوش کمیشن کی8 مئی سے عوامی سماعت

   

حیدرآباد۔/28اپریل، ( سیاست نیوز ) کالیشورم پراجکٹ کے تحت بیاریجس کی تعمیر میں بے قاعدگیوں کی جانچ کرنے والا جسٹس پی چندر گھوش کمیشن 8 مئی سے عوامی سماعت کا آغاز کرے گا۔ جسٹس گھوش جو حیدرآباد میں تین دن قیام کے بعد کولکتہ واپس ہوگئے۔ توقع ہے کہ مئی کے پہلے ہفتہ میں حیدرآباد واپس ہوں گے۔ سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس پی چندر گھوش کو تلنگانہ حکومت نے کالیشورم پراجکٹ کے تحت تعمیر کردہ بیاریجس میں نقائص کا پتہ چلانے کیلئے تحقیقاتی کمیشن مقرر کیا ہے۔ جسٹس گھوش نے اشارہ دیا کہ وہ ضرورت پڑنے پر سابق چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کو طلب کریں گے۔ کمیشن تحقیقات میں مدد کیلئے آئی آئی ٹی اور این آئی ٹی سے ماہرین کی خدمات حاصل کرے گا اور کمیشن کے ماہرین میڈی گڈہ، انارم اور سندیڑلہ بیاریجس کا مئی کے پہلے ہفتہ میں دورہ کریں گے۔ جسٹس گھوش نے شکایات اور اطلاعات حاصل کرنے کیلئے اعلامیہ جاری کیا ہے جس کے تحت 31 مئی تک عوام کالیشورم پراجکٹ سے متعلق تفصیلات ثبوت کے ساتھ داخل کرسکتے ہیں۔ 1