حیدرآباد۔16جون(سیاست نیوز) کالیشورم پراجکٹ کی افتتاحی تقریب کے مقام کو سیکیورٹی حصار میں لے لیا گیا ہے اور بتایا جاتاہے کہ اس مقام پر 3چیف منسٹروں کی تقریب کے پیش نظر ابھی سے سیکیورٹی سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تلنگانہ راشٹر سمیتی کی جانب سے پراجکٹ کی تفصیلا ت اور پراجکٹ کا معائنہ کروانے کی غرض سے الکٹرانک میڈیا کے نمائندوں کو کالیشورم لے جایا گیا جہاں اس بات کا انکشاف ہوا کہ سیکیوریٹی انتظامات کو انتہائی سخت رکھا گیا ہے تاکہ کسی بھی طرح کا کوئی ناگہانی واقعہ پیش نہ آئے۔ بتایاجاتا ہے کہ کالیشورم پراجکٹ کی افتتاحی تقریب میں شرکت کرنے والی انتہائی اہم شخصیتوں میں چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ‘ چیف منسٹر مہاراشٹرا مسٹر دیویندر فڈنویس ‘ چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی کے علاوہ تینوں ریاستوں کے کابینی وزراء اور گورنر کی شرکت کا امکان ہے اسی کے پیش نظر سخت صیانتی انتظامات کئے جارہے ہیں اور ابھی سے پراجکٹ کے علاوہ اطراف کے علاقوں کو سیکیوریٹی کے حصار میں لے لیا گیا ہے۔ کالیشورم پراجکٹ کے افتتاح کے سلسلہ میں ریاستی حکومت کی جانب سے بڑے پیمانے پر انتظامات کے ساتھ ساتھ پراجکٹ کی وسیع تشہیر کو یقینی بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔