تالاب ہر موسم میں لبریز، ماہی گیروں کی بہبود کیلئے ٹھوس اقدامات، ریاستی وزیر گنگولا کملاکر کا خطاب
کریم نگر – 4 نومبر۔(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)تلنگانہ کے وجود سے قبل ریاست میں صرف موسم برسات میں ہی تالاب آب سے لبریز دیکھے جاتے تھے فی الحال ریاست کے تالاب ہر موسم میں پانی سے لبریز دیکھے جارہے ہیں۔ ریاست میں ماہی گیروں کے بہبود کیلئے ٹھوس اقدام کئے گئے۔ ریاستی وزیر برائے بہبود پسماندہ طبقات و سیول سپلائیز گنگولا کملاکر نے یہ بات کہی۔ جمعہ کو وزیر گنگولا کملاکر نے مئیر، ضلع کلکٹر، عوامی نمائندوں اور عہدیداروں کے ہمراہ محکمہ سمکیات کے زیراہتمام گنگمّامندر کے نزد ایل ایم ڈی ریزروائر میں 3 صف فیصد رعایت پر 3 لاکھ جھینگوں کو چھوڑا ۔ بعد ازاں وزیر موصوف نے صحافیوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ریاست کی تشکیل نو کے بعد کالیشورم پراجکٹ کی تعمیر نے ریاست میں نیلا انقلاب کو حاصل کیا ہے جس سے ریاست کے تمام تالاب لبریز دیکھے جارہے ہیں۔ریاست بھر میں ہر سال تالابوں میں 30 لاکھ چھوٹی مچھلیوں کو چھوڑتے ہوئے 1500 بالواسطہ اور 900 ماہی گیر خاندانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کئے جارہے ہیں۔ ریاست کی معیشت کو بڑھانے اور ماہی گیروں کو مالی طور پر مستحکم بنانے کے لیے ضلع کریم نگر کے 897 تالابوں میں فی چھوٹی مچھلی 1.63 پیسے کے حساب سے جملہ تقریباً 2.29 کروڑ روپئے چھوٹی مچھلیوں کیلئے خرچ کئے جارہے ہیں اور اس پر تقریباً 162.37 لاکھ خرچ ہوئے ہیں۔ سال 2019 میں ایل ایم ڈی میں 77 لاکھ جھینگے چھوڑے گئے جس سے 19 کروڑ روپے کی آمدنی حاصل کی گئی۔اس اجلاس میں ضلع کلکٹر آر وی کرنن، میئر وائی،سنیل راؤ کے علاوہ عہدیدار برائے محکمہ سمکیات دیویندر، عملہ، ماہی گیری کوآپریٹیو سوسائٹی کے صدر، عوامی نمائندوں اور دیگر نے شرکت کی۔