سدی پیٹ میں منعقدہ پروگرام سے ٹی ہریش راؤ کا خطاب
سدی پیٹ /21 جون ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) آج تلنگانہ کے عوام کی خوش نصیبی ہے کہ نہایت ہی قلیل عرصے میں کے سی آر کی جہد مسلسل سے کالیشورم پراجکٹ کے کاموں کی تکمیل کے علاوہ افتتاح کیا گیا ۔ ان خیالات کااظہار آج سدی پیٹ کے موضع رنگدام پلی میں شہیداں تلنگانہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے مسٹر ٹی ہریش راؤ نے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ حصولتلنگانہ کے روز اول سے مجاہد آنجہانی پروفیسر جے شنکر کی برسی کے موقع پر تلنگانہ عوام کے دیرینہ خواب کی تکمیل کی گئی ۔ کسانوں کو اس نو تعمیر شدہ پراجکٹ سے وافر مقدار میں ان کی فصلیں اگانے میں خاطر خواہ مدد لے گی ۔ اس طرح تلنگانہ کے 21 اضلاع کے کسان اس پراجکٹ کے تحت مستفید ہوں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ گذشتہ پانچ چھ برسوں سے وزیر اعلی مسٹر کے چندرا شیکھر راؤ نے تلنگانہ عوام کی فلاح و بہبودی کی طرف اپنی توجہ مرکوز کرنے کے علاوہ تلنگانہ عوام کو مختلف زاویوں کے تحت کئی ایک اسکیمات روبعمل لانے پر تلنگانہ کی عوام میں خوشی پائی جاتی ہے ۔ تب ہی گذشتہ چھ ماہ قبل تلنگانہ کے عوام نے کے سی آر کو دوبارہ اقتدار سونپا جو کہ ان کی کاوشوں کی ایک بہترین مثال ہے ۔ مسٹر ٹی ہریش راؤ نے بتایا کہ 18 ہزار 500 کروڑ روپیوں کی لاگت سے کالیشورم پراجکٹ کی تعمیر کی تخمینی لاگت سے گذشتہ 3 سال قبل سنگ بنیاد رکھا گیا تھا اور اس پراجکٹ کے تعمیری کاموں میں متعلقہ عہدیدار جٹ کر تیزی سے کاموں کو روبعمل لاتے ہوئے 50 ہزار کروڑ روپئے صرف کرتے ہوئے آج افتتاح کیا گیا ۔ مسٹر ہریش راؤ نے یہ بھی بتایا کہ بہت جلد اس پراجکٹ سے تلنگانہ کے عوام کو محفوظ پینے کے پانی کی قلت سے مکمل چھٹکارا ملے گا ۔ ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ سیاست میں میری پہچان ہی کے سی آر ہے اور روز اول سے میں تلنگانہ تحریک میں ایک حرکیاتی سپاہی کی طرح کام کرنے کے علاوہ حصول تلنگانہ میں کئی مشکلات کا سامنا بھی کیا اور کے سی آر کے اشاروں پر چلنا ہی میرا نصب لعین ہے ۔
