کالیشورم پراجکٹ کی تعمیر میں بے قاعدگیاں،تحقیقاتی کمیشن میں مداخلت سے ہائیکورٹ کا انکار

   

حیدرآباد 5 جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائیکورٹ نے کالیشورم پراجکٹ کی تعمیر میں مبینہ بے قاعدگیوں کے سلسلہ میں سی بی آئی تحقیقات کیلئے دائر کی گئی درخواستوں کی سماعت کا آغاز کیا ہے۔ چیف جسٹس الوک ارادھے اور جسٹس جے انیل کمار پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے مفاد عامہ اور رٹ پٹیشن کی سماعت کرتے ہوئے بے قاعدگیوں کے سلسلہ میں جاری تحقیقات میں مداخلت سے گریز کیا۔ حکومت نے بے قاعدگیوں کی جانچ کے لئے علیحدہ کمیشن تشکیل دیا ہے۔ سماعت کے دوران سی بی آئی کے وکیل نے بتایا کہ اُنھوں نے جوابی حلفنامہ پہلے ہی داخل کردیا ہے۔ درخواست گذار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ تحقیقاتی کمیشن کے قیام کے سبب وہ اپنی درخواست واپس لینا چاہتے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ تحقیقاتی کمیشن کی رپورٹ کے منظر عام پر آنے کے بعد وہ عدالت سے رجوع ہوں گے۔ چیف جسٹس الوک ارادھے نے درخواست گذار کو اجازت نہیں دی اور کہاکہ جب درخواست گذار مفاد عامہ کی درخواست کے ساتھ ہائیکورٹ سے رجوع ہوئے ہیں تو پھر یہ معاملہ ہائیکورٹ کے زیرغور ہے لہذا درخواست گذار کو کوئی فیصلہ کرنے کا اختیار نہیں سوائے اسکے کہ وہ عدالت سے تعاون کریں۔ اُنھوں نے کالیشورم پراجکٹ کی تعمیر سے متعلق تحقیقاتی کمیشن کے اُمور میں مداخلت سے انکار کردیا۔ اِس معاملہ کی آئندہ سماعت دو ہفتے بعد مقرر کی گئی ہے۔ 1