کورٹلہ میں کانگریس قائد جے کرشنا راؤ کی پریس کانفرنس
کورٹلہ /26 اکٹوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) جواڈی کرشنا راؤ ریاستی قائد کانگریس نے بروز چہارشنبہ جواڈی بھون کورٹلہ میں منعقدہ اخباری نمائندوں کے اجلاس کو مخاطب کرتے ہوئے کالیشورم پراجکٹ کی تعمیر میں ہوئی دھاندلیوں کی مکمل تحقیقات کروانے کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کالیشورم پراجکٹ کی تعمیر میں حلقہ اسمبلی کورٹلہ کے رکن اسمبلی کلواکنٹلہ ودیا ساگر راؤ مڈی گڈہ بیرج میں سب کنٹراکٹر کے طور پر کام کرتے ہوئے تعمیر کروانے اور دھاندلی کرنے کا الزام عائد کیا ۔ کالیشورم پراجکٹ کی تعمیر مکمل طور پر دھاندلیاں کرواتے ہوئے کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام دھاندلیاں حکومت کی نگرانی میں ہوئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تک ریاستی حکومت کی جانب سے اور نہ ہی چیف منسٹر کے سی آر اور نہ ہی دیگر وزراء نے کسی طرح کا کوئی بیان دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعہ پر بیان نہ دیا جانا بی آر ایس کی لاپرواہی کا ثبوت ہے ۔ حلقہ اسمبلی کورٹلہ ایس آر ایس بی کی نہر کاکتیہ کنال کو جاتی ہے ۔ حلقہ اسمبلی کورٹلہ میں اس پراجکٹ سے نقصان ہوا ہے ۔ اس لئے مقامی ایم ایل اے کورٹلہ کی عوام کو اس کا جواب دیں اور اس پراجکٹ کی تعمیر پر مکمل تحقیقات کروانے کا کرشنا راؤ ریاستی قائد کانگریس نے حکومت سے مطالبہ کیا ۔ اس پروگرام میں صدر کانگریس کورٹلہ ٹاون تروملا گنگادھر نائب صدر ایم اے نعیم ڈسٹرکٹ اقلیتی نائب صدر کانگریس مسٹر وسیم نے شرکت کی ۔