کالیشورم پراجکٹ کی ناکامی کیلئے سابق بی آر ایس حکومت ذمہ دار: اتم کمار ریڈی

   

ڈیم سیفٹی اتھاریٹی کی رپورٹ کی اجرائی، کابینہ میں مباحث کے بعد اہم فیصلے
حیدرآباد۔/29 اپریل، ( سیاست نیوز) وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی نے کالیشورم پراجکٹ کی ناکامی کیلئے سابق بی آر ایس حکومت کو ذمہ دار قرار دیا اور کہا کہ ملک میں آزادی کے بعد یہ انسانی سطح پر سب سے بڑی تباہی کی مثال ہے۔ پراجکٹ کی ناکامی دراصل انتہائی مہنگے انجینئرنگ سسٹم کی ناکامی کا ثبوت ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کانگریس حکومت سابق بی آر ایس حکومت کی جانب سے پراجکٹ کیلئے حاصل کردہ بھاری قرض کی ادائیگی کے سلسلہ میں سالانہ 16000 کروڑ بطور سود اور اقسا ادا کررہی ہے۔ اتم کمار ریڈی نے آج پریس کانفرنس میں نیشنل ڈیم سیفٹی اتھاریٹی کی قطعی رپورٹ کو جاری کیا جس میں کالیشورم اور اس کے تحت میڈی گڈہ، انارم اور سوندیڑلہ بیاریجس کی تعمیر میں نقائص کی نشاندہی کی گئی۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کالیشورم پراجکٹ سائینسی اصولوں پر مبنی نہیں تھا بلکہ یہ جھوٹی تشہیر، جھوٹ اور پروپگنڈہ پر مبنی پراجکٹ ثابت ہوا۔ کانگریس دور حکومت میں ڈاکٹر بی آر امبیڈکر پرانیہتا چیوڑلہ پراجکٹ کی تجویز تھی اور بی آر ایس حکومت نے بھی ابتداء میں اسے قومی درجہ دینے کی مانگ کی تھی۔ بعد میں کے سی آر نے پرانہیتا چیوڑلہ پراجکٹ کے بجائے کالیشورم پراجکٹ کا منصوبہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ تینوں بیاریجس کی تعمیر میں نقائص کی نیشنل ڈیم سیفٹی اتھاریٹی نے نشاندہی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیاریجس محض 2 ٹی ایم سی پانی کے استعمال کیلئے تیار کئے گئے تھے تاہم ان میں 10 ٹی ایم سی سے زائد پانی کا ذخیرہ کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق سیفٹی پروٹوکولس کی خلاف ورزی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ کالیشورم کی ناکامی کوئی قدرتی سانحہ نہیں بلکہ سابق حکومت کے غیرذمہ دارانہ فیصلوں کا نتیجہ ہے۔ وزیر آبپاشی نے کہا کہ نقائص اور کوتاہیوں کو تسلیم کرنے کے بجائے بی آر ایس قائدین ڈیم سیفٹی اتھاریٹی کو تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں۔ اتھاریٹی نے پراجکٹ کے نقصانات کی فوری مرمت کی سفارش کی ہے۔ کانگریس حکومت کابینہ میں مباحث کے بعد کالیشورم اور دیگر بیاریجس کے بارے میں اہم فیصلہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ رپورٹ کا ماہرین کی جانب سے جائزہ لیا جارہا ہے۔1