کالیشورم پراجکٹ کے سی بی آئی تحقیقات کیخلاف بی آر ایس کا دو روزہ احتجاج

   

کے ٹی آر کی پارٹی قائدین کے ساتھ ٹیلی کانفرنس
حیدرآباد ۔ یکم ستمبر (سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے کالیشورم پراجکٹ پر حکومت کی جانب سے سی بی آئی تحقیقات کرانے کے خلاف پیر اور منگل کو ریاست بھر میں احتجاجی مظاہرے کرنے کی پارٹی کیڈر کو ہدایت دی ۔ آج کے ٹی آر نے بی آر ایس پارٹی قائدین کے ساتھ ٹیلی کانفرنس کا انعقاد کیا اور اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کالیشورم پراجکٹ کے خلاف سازش کر رہی ہے۔ تلنگانہ کیلئے اہم ثابت ہونے والے اس پراجکٹ کو مستقل طورپر بند کردینے کی کوشش کی جارہی ہے تاکہ دریائے کرشنا اور گوداوری کا پانی آندھراپردیش کو منتقل ہوسکے۔ انہوں نے کانگریس اور بی جے پی پر خفیہ اتحاد کرتے ہوئے اس ایجنڈہ پر کام کرنے کا الزام عائد کیا ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ یہ صرف کے سی آر کے خلاف سازش نہیں ہے بلکہ تلنگانہ کے دریاؤں کو آندھراپردیش منتقل کرنے کی ایک سازش ہے جس سے ہمیشہ کالیشورم کو خشک رکھا جاسکے۔ بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ نے کہا کہ کالیشورم پراجکٹ کی تحقیقات سی بی آئی حوالے کرنے کا مطلب پراجکٹ کو ہمیشہ کیلئے بند کردینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کل تک سی بی آئی کے خلاف بات کرنے والے چیف منسٹر ریونت ریڈی اچانک ایک دن میں اپنا موقف تبدیل کرچکے ہیں ، اس کے خلاف بہت بڑی سازش ہونے کا الزام عائد کیا ہے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ بی آر ایس پارٹی اور اس کے قائدین کسی بھی تحقیقات سے ڈرنے اور گھبرانے والے نہیں ہیں بلکہ اس میں چھپی سازش کو عوام کے سامنے مختلف طریقوں سے اجاگر کرتے رہیں گے۔ ریاست کے مفادات کے بارے میں غور کرنے کے بجائے چیف منسٹر ریونت ریڈی انتقامی کارروائی پر اتر آئے ہیں۔ لہذا وہ پارٹی کے قائدین اور کارکنوں سے اپیل کرتے ہیں کہ حکومت کے اس فیصلہ کے خلاف دو دن تک دیہی علاقوں سے اضلاع سطح تک احتجاج کرتے ہوئے اپنی ناراضگی کا اظہار کریں۔ 2