کوالیٹی کنٹرول چیف انجینئر پر جسٹس پی سی گھوش کی برہمی، کھلی سماعت کا آغاز
حیدرآباد۔/23 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) کالیشورم پراجکٹ کی تعمیر میں مبینہ بے قاعدگیوں کی تحقیقات کرنے والے کمیشن نے آج سے کھلی سماعت کا آغاز کیا۔ کمیشن کے روبرو آج کوالیٹی کنٹرول چیف انجینئر اجئے کمار پیش ہوئے۔ کمیشن نے اجئے کمار پر سوالات کی بوچھار کردی۔ کمیشن نے دریافت کیا کہ کوالیٹی کنٹرول چیف انجینئر کے عہدہ پر رہتے ہوئے ریکارڈ کا جائزہ لئے بغیر انہوں نے کس طرح حلفنامہ داخل کیا۔ کمیشن نے پوچھا کہ کوالیٹی کنٹرول کا مطلب اور اس کا کام کیا ہے۔ کوالیٹی کنٹرول کے تحت تاحال کتنے کام انجام دیئے گئے۔ میڈی گڈہ اور سوندیڑلہ بیاریجس کی تعمیر کے دوران کوالیٹی کنٹرول چیف انجینئر نے کتنی مرتبہ دورہ کیا۔ دونوں بیاریجس کو نقصانات کی کیا وجوہات ہیں۔ کمیشن نے چیف انجینئر کو بیاریجس کی تعمیر کے دوران معیار کا جائزہ لینے میں ناکامی سے متعلق کئی سوالات کئے۔ اجئے کمار نے کمیشن سے کئی امور میں وضاحت کی لیکن کمیشن مطمئن دکھائی نہیں دیا۔ کھلی سماعت کے موقع پر انجینئر اِنچیف ناگیندر پر کمیشن نے تقریباً تین گھنٹوں تک جرح کی۔ ان سے تقریباً 130 سوالات کئے گئے۔ کمیشن نے کالیشورم پراجکٹ اور اس کے تحت تعمیر کئے گئے بیاریجس کی تعمیر میں کئی نقائص کی نشاندہی کرتے ہوئے عہدیداروں سے وضاحت طلب کی۔ حکومت نے جسٹس پی سی گھوش کی قیادت میں بے قاعدگیوں کی جانچ کیلئے کمیشن تشکیل دیا ہے۔1