کالیشورم پراجکٹ کے نام پر شہرت حاصل کرنے کی کوشش

   

ری ڈیزائیننگ سے لاگت میں زبردست اضافہ،جیون ریڈی اور جناردھن ریڈی کا بیان

حیدرآباد ۔ 18۔جون (سیاست نیوز) سابق وزیر ناگم جناردھن ریڈی اور رکن کونسل جیون ریڈی نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر کالیشورم پراجکٹ کے نام پر ملک بھر میں اپنی تشہیر کر رہے ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جناردھن ریڈی نے کہا کہ کالیشورم پراجکٹ کو دنیا کے ایک عظیم پراجکٹ کے طور پر پیش کیا جارہا ہے جبکہ یہ پراجکٹ کانگریس دور حکومت میں شروع کردہ پراناہیتا چیوڑلہ پراجکٹ کی تبدیل شدہ شکل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ری ڈیزائیننگ کے نام پر پراجکٹ کی لاگت میں زبردست اضافہ کردیا گیا ۔ انہوں نے کہاکہ پراجکٹ کی رپورٹ اور اخراجات کے بارے میں اپوزیشن کو تفصیلات بتانے سے انکار کیا جارہا ہے ۔ ان قائدین نے کہا کہ ریاست کی تقسیم کے وقت تلنگانہ سے وعدہ کیا گیا تھا کہ کسی ایک پراجکٹ کو قومی درجہ دیا جائے گا ۔ کالیشورم پراجکٹ کو قومی درجہ حاصل کرنا تلنگانہ کا حق ہے لیکن کے سی آر اس حق سے محروم کرنا چاہتے ہیں جس کے سبب تلنگانہ عوام پر ایک لاکھ کروڑ کے قرض کا بوجھ عائد ہوگا۔ جناردھن ریڈی نے کہا کہ کے سی آر نے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ پالمور رنگا ریڈی پراجکٹ کے زیر آب علاقوں کے ہر گھر کو روزگار فراہم کیا جائے گا لیکن اس وعدہ کی تکمیل کے بغیر ہی پراجکٹ کے تعمیری کام کا آغاز ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زیر آب علاقوں کے عوام کو معاوضہ کی ادائیگی میں حکومت ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے معاوضہ کیلئے احتجاج کرنے والے کسانوں پر پولیس لاٹھی چارج کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے جون 2015 ء میں کسانوں کے احتجاج کی تائید کی تھی۔ جناردھن ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر وقفہ وقفہ سے پراجکٹس کی لاگت میں اضافہ کر رہے ہیں لیکن متاثرہ خاندانوں سے ملاقات اور انہیں معاوضہ کی ادائیگی میں کوئی دلچسپی نہیں۔ انہوں نے متاثرہ کسانوں کو فی ایکر 10 لاکھ روپئے کی ادائیگی کا مطالبہ کیا۔ کانگریس قائدین نے کہا کہ مخالف کسان چیف منسٹر کو عوام مناسب وقت پر سبق سکھائیں گے۔