کالیشورم پراجیکٹ کا آج افتتاح

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد۔ 20 جون (این ایس ایس) باوقار کالیشورم پراجیکٹ کا ضلع جئے شنکر بھوپلاپلی میں کل خصوصی پوجا کے بعد آغاز کیا جائے گا۔ چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ 2 گھنٹے طویل پوجا کے بعد کنے پلی پمپ ہاؤس اور میڈی گڈہ بیاریج سے پانی چھوڑتے ہوئے نامی گرامی عالمی معیاری پراجیکٹ کا افتتاح کریں گے۔ ریاستی حکومت کی طرف سے ریاستی وزیر صحت ایٹالہ راجیندر نے پراجیکٹ کے مقام پر انتظامات کا مختلف عہدیداروں کے ساتھ جائزہ لیا۔ حکومت نے مختلف مقامات پر پانچ ہیلی کاپٹرس اور 16 ہیلی پیاڈس سے استفادہ کا منصوبہ بنایا ہے۔ ریاستی حکومت نے اس پراجیکٹ کی ڈیزائننگ میں تبدیلی لاتے ہوئے تقریباً 81,000 کروڑ روپئے کی تخمینی لاگت سے اس کو تعمیر کیا ہے۔ چیف منسٹر پہلے ہی اعلان کرچکے ہیں کہ یہ پراجیکٹ تلنگانہ میں 45 لاکھ ایکڑ اراضی کو سیراب کرے گا اور زرعی پیداوار کو نئی بلندی تک پہنچائے گا۔ ہیلی کاپٹروں کے ذریعہ اس ایونٹ کے مہمانان خصوصی کو پراجیکٹ کے افتتاح کے مقام پر پہنچایا جائے گا۔ ان مہمانوں میں مہاراشٹرا کے گورنر سی ایچ ودیا ساگر راؤ اور چیف منسٹر دیویندر فڈنویس شامل ہیں۔ پڑوسی ریاست آندھرا پردیش کے چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے اس افتتاحی تقریب میں شرکت کررہے ہیں۔