کالیشورم پراجیکٹ کی تعمیر میں بے قاعدگیاں: پنالہ لکشمیا

   

حیدرآباد 14 فروری (سیاست نیوز) سابق صدر پردیش کانگریس پنالہ لکشمیا نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر کے سی آر کالیشورم پراجیکٹ میں ہوئی بے قاعدگیوں کو چھپانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ چیف منسٹر کے دورۂ کالیشورم پر تبصرہ کرتے ہوئے پنالہ لکشمیا نے کہا کہ اپنے گناہوں کی معافی کیلئے کے سی آر نے پوجا کا اہتمام کیا۔ انہوں نے کہا کہ پراجیکٹ کی تعمیر میں ہزاروں کروڑ کے خرچ کے باوجود زرعی شعبہ کو کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ انہوں نے کالیشورم کے سلسلہ میں چیف منسٹر کے دعوئوں کو مسترد کردیا اور کہا کہ ایک ایکڑ اراضی بھی سیراب کی گئی تو تفصیلات پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت میں جلایگنم کے نام پر آبپاشی پراجیکٹس تعمیر کئے گئے تھے۔ کانگریس کے پراجیکٹس کی ری ڈیزائننگ کے نام پر کے سی آر نے لاگت میں غیر معمولی اضافہ کردیا۔ انہوں نے پالمور رنگاریڈی پراجیکٹ کی عدم تکمیل پر تنقید کی اور چیف منسٹر سے مطالبہ کیا کہ وہ پراجیکٹ کا دورہ کریں۔ کنتنا پلی پراجیکٹ کی تکمیل کو حکومت نے نظرانداز کردیا ۔ انہوں نے کہا کہ صرف کالیشورم کے نام پر عوام کو یہ تاثر دینے کی کوشش کی جارہی ہے زرعی شعبہ کی ضرورتوں کی تکمیل کردی گئی۔ انہوں نے پراجیکٹس پر خرچ کی تفصیل عوام میں پیش کرنے کا مطالبہ کیا۔ پنالہ لکشمیا نے آبپاشی پراجیکٹس کی تعمیر پر چیف منسٹر کو کھلے مباحث کا چیلنج کیا۔ انہوں نے کہا کہ کالیشورم پر 50 ہزار کروڑ سے زائد کا خرچ ہوا لیکن زرعی شعبہ آج بھی فوائد سے محروم ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز کو آج تک تفصیلی پراجیکٹ رپورٹ روانہ نہیں کی گئی اور پراجیکٹ کو قومی درجہ دینے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔