کالیشورم پراجیکٹ ‘کے سی آر کا کارنامہ

   

Ferty9 Clinic

پانی کا مسئلہ حل ہوجائیگا : کیشو راو ‘ این ناگیشور راو کا بیان
حیدرآباد 21 جون ( این ایس ایس ) ٹی آر ایس کے ارکان پارلیمنٹ کے کیشو راو اور این ناگیشور راو نے دہلی میں کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو نے کالیشورم پراجیکٹ کو انتہائی مختصر وقت میں مکمل کرنے کا کارنامہ انجام دیا ہے ۔ کیشو راو نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس پراجیکٹ کا آغاز تلنگانہ اور ہندوستان کیلئے ایک تہوار سے کم نہیں ہے کیونکہ یہ ایک بہت بڑا پراجیکٹ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں پانی کی قلت اور مشکلات اب ہمیشہ کیلئے دور ہوجائیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ چیف منسٹر کے سی آر کا پراجیکٹ ہے اور اس کی تکمیل کا سہرا نہیں کے سر جاتا ہے ۔ ٹی آر ایس قائدین کی جانب سے اس موقع پر دہلی میں بھی شیرینی کی تقسیم عمل میں لائی گئی اور پوجا کا اہتمام بھی کیا گیا ۔ ناگیشور راو نے کہا کہ کے سی آر نے مستقبل میں پانی کے مسائل کو پیش نظر رکھتے ہوئے قبل از وقت ہی اس پراجیکٹ کی تعمیر عمل میں لائی ہے ۔ یہ بہت بڑا کام تھا جسے صرف تین سال کے عرصہ میں پورا کرلیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ کام اتنا آسان نہیں تھا اور نہ ہی سادہ تھا کہ پانی کو 618 میٹرس کی بلندی تک پہونچایا جائے ۔ یہ ایک تاریخی موقع ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دو تلگو چیف منسٹروں کے مابین خوشگوار تعلقات مستقبل میں بہتری کی ضمانت ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس پراجیکٹ کو قومی موقف دیا جانا چاہئے ۔ مرکز نے پارلیمنٹ میں اس کا تذکرہ نہیں کیا ہے ۔