حکومت نے عوامی مسائل کو فراموش کردیا، پونالہ لکشمیا کا الزام
حیدرآباد۔/16 نومبر، ( سیاست نیوز) سابق صدر پردیش کانگریس پونالہ لکشمیا نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کالیشورم پراجکٹ کو ریاست کے تمام مسائل کا حل قرار دے رہے ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے پونالہ لکشمیا نے کہا کہ آندھرا پردیش کی حکومت نے سپریم کورٹ میں حلف نامہ داخل کرتے ہوئے کالیشورم پراجکٹ کو قومی پراجکٹ کا درجہ دینے کی مخالفت کی ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ آندھرا پردیش حکومت کی مخالفت پر چیف منسٹر کے سی آر کی خاموشی معنیٰ خیز ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر اچھی طرح جانتے ہیں کہ کالیشورم غیر قانونی پراجکٹ ہے یہی وجہ ہے کہ آندھرا پردیش حکومت نے پراجکٹ کی مخالفت کی۔ کالیشورم کی تکمیل کیلئے 35000 کروڑ روپئے کافی تھے لیکن چیف منسٹر نے ایک لاکھ کروڑ روپئے خرچ کئے۔ اس قدر بھاری رقم خرچ کرنے کے باوجود زرعی شعبہ کو ایک قطرہ پانی بھی سربراہ نہیں کیا جاسکا۔ کے سی آر نے اعلان کیا تھا کہ گوداوری کا پانی کرشنا ساگر سے آندھرا پردیش کو سربراہ کیا جائے گا۔ یہ لالچ دے کر وہ پراجکٹ میں بھاری بے قاعدگیوں میں ملوث رہے۔ پالمور رنگاریڈی پراجکٹ کیلئے 20000 کروڑ روپئے خرچ کئے گئے لیکن ایک ایکر اراضی کو پانی سربراہ نہیں کیا جاسکا۔ انہوں نے یاد دلایا کہ آندھرا پردیش کی مخالفت کرتے ہوئے اور آندھرا کو پانی سربراہ نہ کرنے جیسے اعلانات کے ذریعہ کے سی آر اقتدار پر پہنچے لیکن آج وہی آندھرا پردیش کو پانی سربراہ کرنے کی بات کررہے ہیں۔ آندھرا پردیش کو پانی کی سربراہی کا مطلب تلنگانہ عوام کی دولت کو لوٹنے کے سوا کچھ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرانہیتا چیوڑلہ پراجکٹ کو مرکزی حکومت کے قواعد کے برخلاف ری ڈیزائن کیا گیا اور اسے کالیشورم کا نام دیا گیا لہذا اسے قومی پراجکٹ کا درجہ حاصل ہونا ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر فارم ہاوز، پرگتی بھون اور عوامی جلسوں تک محدود ہوچکے ہیں وہ عوام کیلئے دستیاب نہیں ہیں۔ کے سی آر نے ریاست میں عوام کو درپیش مسائل کو فراموش کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کے سی آر کے رویہ میں تبدیلی نہیں آئے گی تو وہ تاریخ میں گم ہوجائیں گے۔ پونالہ لکشمیا نے آبپاشی پراجکٹس پر پھر ایک مرتبہ کھلے مباحث کا چیلنج کیا اور کہا کہ اس سے قبل ہی ان کے چیلنج کو حکومت نے قبول نہیں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کی من مانی پالیسیوں پر بہت جلد عوام سبق سکھائیں گے۔