کویتا کس پارٹی میں ہیں خود انہیں پتہ نہیں، اسمبلی حلقہ اندول میں کانگریس کارکنوں سے خطاب
حیدرآباد۔ 2 اگست (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مہیش کمار گوڑ نے سنسنی خیز ریمارکس کرتے ہوئے کہا کہ کالیشورم کمیشن نے سابق چیف منسٹر کے سی آر کو قصوروار قرار دیا ہے۔ کالیشورم پراجکٹ کے تعمیر کے نام پر بی آر ایس حکومت نے ایک لاکھ کروڑ روپے ضائع کرتے ہوئے ریاست تلنگانہ کو مقروض کردیا ہے۔ آج اسمبلی حلقہ اندول کے سنگوپیٹ میں منعقدہ پارٹی کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر تلنگانہ کانگریس امور کے انچارج میناکشی نٹراجن، ریاستی وزیر صحت دامودر راج نرسمہا کے علاوہ کانگریس کے دوسرے قائدین موجود تھے۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ انجینئرس نے اس پراجکٹ کے خلاف اس وقت کے چیف منسٹر کے سی آر کو رپورٹ دی تھی لیکن کے سی آر نے انجینئرس کی ایک نہیں سنی اور اپنی من مانی کی جس کی وجہ سے لاکھوں کروڑوں روپے خرچ ہو جانے کے بعد بھی یہ پراجکٹ کارکرد ثابت نہیں ہوا ہے۔ اس پراجکٹ کے دو پلرس پانی میں دھنس گئے ہیں جس کو بی آر ایس کی جانب سے معمولی واقعہ قرار دیتے ہوئے تعمیری نقائص کو نظرانداز کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ فارمولہ ای کار ریس میں بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر بے قاعدگیوں میں ملوث ہیں جن کے خلاف بھی تحقیقات جاری ہیں۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے وعدے کے مطابق بی سی طبقات کو 42 فیصد تحفظات فراہم کیا ہے جو بی آر ایس اور بی جے پی کو ہضم نہیں ہو رہا ہے۔ کویتا بی سی تحفظات کے لئے 72 گھنٹوں کا بھوک ہڑتال منعقد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے سیاسی تماشہ کررہی ہیں جبکہ خود انہیں نہیں معلوم کہ وہ کونسی پارٹی میں ہیں۔ بی آر ایس پارٹی کی جانب سے کنارہ کردینے کے بعد کویتا اپنی شناخت کو برقرار رکھنے کے لئے تلنگانہ جاگرویتی کے نام سے مختلف پروگرامس کرتے ہوئے حکومت کے خلاف بے بنیاد الزامات عائد کررہی ہیں۔ 42 فیصد بی سی تحفظات کے معاملہ میں کانگریس پارٹی سنجیدہ ہے۔ اسمبلی میں قرار داد منظور کی گئی، مرکزی حکومت کو روانہ کیا گیا، صدر جمہوریہ کی جانب سے فیصلہ لینے میں تاخیر پر آرڈیننس بھی جاری کردیا گیا ہے اس کے باوجود بی کویتا کی جانب سے حکومت پر جھوٹے الزامات عائد کئے جارہے ہیں۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ بی جے پی بی سی تحفظات کے مخالف ہے۔ بی سی طبقات کی فہرست میں مسلمانوں کی شمولیت کا بہانہ بناتے ہوئے بل میں رکاوٹیں پیدا کررہی ہیں۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ بی جے پی کے زیر اقتدار ریاستوں میں بی سی تحفظات کی فہرست میں مسلمان بھی شامل ہیں۔ وہاں پر بی جے پی کو کوئی اعتراض نہیں ہے، تلنگانہ میں سستی شہرت حاصل کرنے کے لئے اس بل کی مخالفت کی جارہی ہے۔ صدر پردیش کانگریس کمیٹی نے کہا کہ ریونت ریڈی حکومت سے ریاست کے عوام پوری طرح مطمئن ہیں۔ مقامی اداروں کے انتخابات میں کانگریس پارٹی شاندار کامیابی درج کرے گی۔ حکومت کی کارکردگی سے اپوزیشن جماعتیں بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ حکومت کے خلاف جھوٹے اور بے بنیاد الزامات عائد کرتے ہوئے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ 2