کالیشورم کمیشن کی رپورٹ اسمبلی میں پیش کی گئی تو پھاڑ دی جائے گی

   

تلنگانہ بھون میں ہریش راؤ کا پاور پوائنٹ پریزنٹیشن ، کے سی آر کو ہراساں کرنے کا الزام
حیدرآباد ۔ 5 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس کے رکن اسمبلی و سابق وزیر ٹی ہریش راؤ نے کالیشورم کمیشن کی رپورٹ پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر اس کو اسمبلی میں پیش کیا جاتا ہے تو پھاڑ دیا جائے گا ۔ بی آر ایس کے ہیڈکوارٹر تلنگانہ بھون میں آج کالیشورم پراجکٹ پر پاور پوائنٹ پریزنٹیشن پیش کیا ۔ اس پروگرام کو ریاست بھر کے عوام تک پہونچانے کے لیے بی آر ایس کی جانب سے تمام اضلاع میں ڈیجیٹل اسکرینس کے انتظامات کئے گئے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ یہ کالیشورم کمیشن کی رپورٹ نہیں ہے بلکہ کانگریس کی رپورٹ ہے ۔ کانگریس حکومت تمام شعبوں میں ناکام ہوچکی ہے اپنی ناکامیوں سے عوام کی توجہ ہٹانے کے لیے سابق چیف منسٹر کے سی آر اور اصل اپوزیشن بی آر ایس کے خلاف سیاسی انتقام لیا جارہا ہے ۔ کے سی آر کو ہراساں کیا جارہا ہے ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ پڑوسی ریاست آندھرا پردیش میں پولاورم پراجکٹ تین مرتبہ بہہ گیا مگر مرکزی ادارہ این ڈی ایس اے نے پولاورم پراجکٹ کا معائنہ نہیں کیا ۔ کم از کم رپورٹ تک پیش کرنا بھی گوارا نہیں کیا ۔ ریاست میں مقامی اداروں کے انتخابات کے پیش نظر ایک سازش کے طور پر کالیشورم کمیشن کی رپورٹ کو منظر عام پر لایا گیا ہے ۔ کمیشن کی تحقیقات میں ہم کو نوٹس ملنے سے قبل میڈیا کو اس کی اطلاعات فراہم کردی گئی ۔ کل کابینہ اجلاس میں منظوری دینے کے بعد جو رپورٹ منظر عام پر لائی گئی ہے وہ جھوٹی ہے اس میں کوئی سچائی نہیں ہے ۔ اگر اسمبلی میں کالیشورم کمیشن کی جانب سے پیش کردہ 655 صفحات کی رپورٹ پیش کی جاتی ہے تو اس کو پھاڑ دیا جائے گا ۔۔ 2