کالیشورم کے نام پر تشہیر زرعی شعبہ کو کوئی فائدہ نہیں

   

رکن کونسل جیون ریڈی کا الزام، عوامی رقومات ضائع کرنے کی شکایت

حیدرآباد۔ 13 ستمبر (سیاست نیوز) کانگریس کے رکن کونسل ٹی جیون ریڈی نے الزام عائد کیا کہ کالیشورم پراجیکٹ کے نام پر حکومت تشہیر اور نام و نمود کے ذریعہ عوام کو گمراہ کررہی ہے۔ جبکہ بنیادی طور پر کالیشورم پراجیکٹ کے پاس کچھ نہیں ہے اور آج تک اس پراجیکٹ سے زرعی شعبہ کو کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جیون ریڈی نے کہا کہ کالیشورم پراجیکٹ کے نتیجہ میں ریاست میں یوریا کی قلت پیدا ہوئی ہے۔ حکومت نے پراجیکٹ کے نام پر عوامی رقومات کا بیجا استعمال کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ برقی خریداری کے سلسلہ میں بڑے پیمانے پر دھاندلیاں کی گئیں جس کے سبب سرکاری خزانہ خالی ہوچکا ہے۔ انہوں نے حکومت سے سوال کیا کہ مزید 45 ٹی ایم سی پانی کے استعمال کی گنجائش کے باوجود حکومت پراجیکٹ پر دلچسپی لینے سے کیوں قاصر ہے۔ انہوں نے کہا کہ کالیشورم سے زرعی شعبہ کو ایک خطرہ بھی پانی نہیں ملا۔ جبکہ چیف منسٹر نے اس پراجیکٹ کے ذریعہ تلنگانہ کو سر سبز و شاداب بنانے کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پراجیکٹ کی تعمیر کے سلسلہ میں غیر تجربہ کار افراد کی شمولیت سے یہ صورتحال پیدا ہوئی ہے۔ عہدیدار پراجیکٹ کے سلسلہ میں کچھ بھی کہنے سے قاصر ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ اعلی عہدیداروں کی ہدایات پر عمل آوری کے پابند ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ کم از کم پانی کے استعمال کے سلسلہ میں حکمت عملی تیار کریں۔ انہوں نے کہا کہ جو پانی بھی دستیاب ہے اسے استعمال کرتے ہوئے زرعی شعبے کا تحفظ کیا جاسکتا ہے۔ جیون ریڈی نے حکومت پر پراجیکٹس اور دیگر غیر ضروری امور میں سرکاری رقومات خرچ کرنے کا الزام عائد کیا۔