کالیشورم کے ڈیزائن سے میرا کوئی تعلق نہیں، کے سی آر کی ہدایت پر بجٹ کی اجرائی

   

ایٹالہ راجندر جسٹس پی سی گھوش کمیشن کے روبرو پیش، مختلف سوالات کا سامنا، زیادہ تر سوالات پر لاعلمی کا اظہار
حیدرآباد 6 جون (سیاست نیوز) بی جے پی رکن پارلیمنٹ ایٹالہ راجندر آج کالیشورم پراجکٹ میں مبینہ بے قاعدگیوں کی جانچ کرنے والے جسٹس پی سی گھوش کمیشن کے روبرو پیش ہوئے۔ بی آر ایس دور حکومت میں ایٹالہ راجندر نے وزیر فینانس کی حیثیت سے کالیشورم پراجکٹ کے لئے فنڈس جاری کئے تھے۔ راجندر نے جسٹس پی سی گھوش کے سوالات کا جواب دیا اور واضح کیاکہ پراجکٹ کے ڈیزائن کی تبدیلی سے اُن کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ اُس وقت کے چیف منسٹر کے سی آر نے فنڈس کی اجرائی کی ہدایت دی تھی جس پر اُنھوں نے عمل کیا ہے۔ راجندر نے کالیشورم پراجکٹ کے بجٹ میں اضافہ کی وجوہات سے لاعلمی ظاہر کی۔ اُن کا کہنا تھا کہ چیف منسٹر کی حیثیت سے کے سی آر نے جو فیصلے کئے تھے اُن پر عمل کیا گیا۔ راجندر نے کہاکہ پراجکٹ اور اُس کی ڈیزائننگ سے اُن کا کوئی تعلق نہیں رہا اور یہ کام محکمہ آبپاشی نے کے سی آر کی راست نگرانی میں انجام دیا۔ اُنھوں نے کہاکہ کالیشورم کارپوریشن سے وزیر فینانس کا کوئی تعلق نہیں ہوتا۔ بجٹ کی منظوری وزیر فینانس کی ذمہ داری ہوتی ہے۔ حکومت کی جانب سے مختص بجٹ کو وزیر فینانس کے طور پر میں نے جاری کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ علیحدہ تلنگانہ ریاست کے پہلے وزیر فینانس کی حیثیت سے عوام کی خدمت کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔ راجندر نے کالیشورم پراجکٹ کے تخمینہ میں اضافہ اور اُس کی وجوہات سے لاعلمی ظاہر کی۔ جون 2014ء سے ڈسمبر 2018ء تک وزیر کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکا ہوں۔ کے سی آر کی زیرصدارت کابینہ نے کالیشورم کے بارے میں فیصلے کئے تھے۔ راجندر نے کہاکہ مقام کی تبدیلی اور ڈیزائن بدلنے سے متعلق فیصلہ محکمہ آبپاشی کی ٹکنیکل ٹیم اور ماہرین کی کمیٹی نے کیا ہے۔ ٹی ناگیشور راؤ، ای راجندر اور ہریش راؤ پر مشتمل کابینی سب کمیٹی کی رپورٹ کو کابینہ میں قبول کیا گیا۔ جسٹس گھوش نے کالیشورم پراجکٹ کے بجٹ کو 60 ہزار سے بڑھاکر 83 ہزار کروڑ کرنے کے بارے میں سوال کیا جس پر راجندر نے کہاکہ وہ اِس بارے میں ناواقف ہیں۔ جسٹس گھوش نے ایٹالہ راجندر سے پراجکٹ سے متعلق کئی سوالات کئے لیکن ایٹالہ راجندر کا جواب زیادہ تر لاعلمی سے متعلق رہا۔ اُن کا کہنا تھا کہ سابق کابینہ میں کے سی آر باس تھے اور اُن کی ہدایت پر عمل کیا گیا۔ واضح رہے کہ پی سی گھوش کمیشن نے کے سی آر، ہریش راؤ اور ایٹالہ راجندر کو نوٹس جاری کی ہے۔ جسٹس گھوش نے کالیشورم کے تحت تعمیر کئے گئے 3 بیاریجس کے بارے میں بھی راجندر سے سوالات کئے۔1