کالی چرن پر پاگل پن سوار، غلطی کی نشاندہی کے باوجود ہٹ دھرمی

,

   

مجھے تختۂ دار پر چڑھا دیں، بیان واپس نہیں لوں گا، نام نہاد سادھو کا تازہ ویڈیو

رائے پور: بابائے قوم گاندھی جی پر متنازعہ بیان دینے والے نام نہاد سادھو کالی چرن نے ایک ویڈیو جاری کرکے سنسنی پیدا کردی ہے۔ کالی چرن کیخلاف رائے پور میں گاندھی جی کے خلاف ہتک آمیز زبان استعمال کرنے پر مقدمہ درج کیا گیا ، لیکن ایف آئی آر درج ہونے کے 24 گھنٹے کے اندر ہی کالی چرن نے آٹھ منٹ کا ویڈیو جاری کیا ہے۔کالی نے کہا ہے کہ مجھے مہاتما گاندھی کے خلاف ناروا زبان استعمال کرنے پر کوئی افسوس نہیں ہے۔ مجھے پھانسی دے دی جائے ، تب بھی میں اپنا لب و لہجہ نہیں بدلوں گا۔گزشتہ سات سال کے دوران ہندوتوا عناصر کو ایسا لگتا ہے کہ فرقہ پرستی، شرانگیزی، نفرت پر مبنی تقاریر کے لئے کھلی چھوٹ ملی ہوئی ہے۔ اب جیسے جیسے مودی حکومت کی دوسری میعاد اپنے دوسرے نصف سے آگے بڑھی ہے، اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے خلاف کھلے عام بیان بازی بلکہ قتل کی دھمکیوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ اس میں نہ صرف سیاسی قائدین بلکہ نام نہاد مذہبی رہنما دونوں یکساں پیش پیش ہیں۔ گاندھی جی کے خلاف بیان کے بعد مقدمہ درج ہونے کے باوجود کالی چرن کا لب و لہجہ ظاہر کرتا ہے کہ ایسے عناصر پر پاگل پن سوار ہے اور وہ اپنے جنون کی تکمیل کے لئے کچھ بھی کر گزرنے سے گریز نہیں کرنا چاہتے۔ کالی چرن نے کہا کہ اس طرح کے ایف آئی آر سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔’’میں گاندھی مخالف ہوں۔اگر اس کے لیے سزائے موت بھی دی جائے تو قبول ہے‘‘۔ اتوار کو رائے پور میں دھرم سنسد کے پروگرام میں کالی چرن نے بابائے قوم کے خلاف ناروا زبان کا استعمال کیا تھا، اوربابائے قوم کے قاتل ناتھورام گوڈسے کے سامنے سرتسیلیم خم کیا تھا۔