حیدرآباد :۔ کالی کمان کی مرمت اور تزئین نو کے کام جس میں لاک ڈاؤن کی وجہ تاخیر ہوئی اب اس میں تیزی پیدا ہوگئی ہے کیوں کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن اس کام میں اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ آف ہیرٹیج کے ساتھ شامل ہوگیا ہے ۔ چار کمانوں ، مچھلی کمان ، سحر باطل کمان ، کالی کمان اور چارمینار کمان کی مرمت اور تزئین نو کے لیے یہ پراجکٹ تقریبا چار سال پہلے شروع ہوا تھا۔ مچھلی کمان اور چارمینار کمان کے کام پہلے مکمل ہوگئے تھے جب کہ باقی دو کمانوں کا کام اب جاری ہے ۔ جی ایچ ایم سی (پراجکٹس ) کے ایک سینئیر عہدیدار نے یہ بات کہی ۔ گذشتہ پندرہ دن میں کالی کمان پر مچان لگائے گئے ۔ شگافوں کو بھرنے کے لیے خصوصی مارٹر کا استعمال کیا جائے گا اور اس اسٹرکچر کی صفائی کے بعد مرمتی کام شروع کئے جائیں گے ۔ اس کے بعد نئے لک کے لیے اسے پینٹ کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اس پراجکٹ کی لاگت 1.48 کروڑ روپئے ہوگی ۔ چار کمان ( چار کمانیں : شمال میں مچھلی کمان ، جنوب میں چارمینار کمان ، مغرب میں کمانِ سحر باطل اور مشرقی کالی کمان ) کی تعمیر تاریخی چارمینار کی تعمیر کے تقریبا ایک سال بعد کی گئی تھی ۔ 75 میٹر بلند ان چار کمانوں کو سلطان محمد قلی کے دور حکومت کے دوران گلزار حوض سے مساوی فاصلہ پر تعمیر کیا گیا تھا ۔ ہر کمان کی تعمیر اسی ڈیزائن اور اسٹائیل میں کی گئی جو اس علاقہ میں شاہی عمارتوں کے لیے گیٹ ویز تھیں ۔ ان کمانوں سے چار سڑکیں شہر کے مختلف علاقوں کو جاتی ہیں ۔ بیچ میں چار سو کا حوض تھا جو اب گلزار حوض سے مشہور ہے ۔ چند ماہ قبل جی ایچ ایم سی نے ایک خانگی ادارہ کے ساتھ گلزار حوض کی صفائی اور اس پر روشنی کرتے ہوئے اسے ایک نیا لک دیا ہے اور فوارہ کی بھی مرمت کی گئی ۔۔