کاماریڈی اور بانسواڑہ کے اہم قائدین کی کانگریس میں شمولیت

   

میونسپل وائس چیرپرسن اور کونسلرس کی ریونت ریڈی سے ملاقات
حیدرآباد۔/31اکٹوبر، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے کاماریڈی اور بانسواڑہ اسمبلی حلقہ جات سے تعلق رکھنے والے بی آر ایس اور بی جے پی قائدین کا کانگریس میں استقبال کیا۔ سابق وزیر محمد علی شبیر کی موجودگی میں کاماریڈی میونسپل وائس چیرمین اندو پریہ ، کونسلرس ومشی، چندر شیکھر ریڈی، سوریا، نریندر ریڈی، سریکانت، اروند کمار اور دوسروں نے جوبلی ہلز میں ریونت ریڈی سے ان کی قیامگاہ پر ملاقات کی۔ کاماریڈی کے میونسپل وائس چیرمین اور کونسلرس کی شمولیت سے حلقہ میں کانگریس پارٹی مستحکم ہوگی۔ ریونت ریڈی نے ان قائدین کو کانگریس کی کامیابی کیلئے کام کرنے کا مشورہ دیا۔ بانسواڑہ اسمبلی حلقہ سے تعلق رکھنے والے بی آر ایس اور بی جے پی قائدین ملیادری ریڈی، سابق زیڈ پی ٹی سی راجیا نائیک نے اپنے حامیوں کے ہمراہ کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی۔ ریونت ریڈی نے پارٹی کھنڈوا پہناکر کانگریس میں استقبال کیا۔ اس موقع پر ریونت ریڈی نے کہا کہ کاماریڈی اسمبلی حلقہ سے کے سی آر کو شکست دینے کیلئے کانگریس ہائی کمان نے منصوبہ تیار کیا ہے تاہم انہوں نے اس کی وضاحت نہیں کی۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ کاماریڈی کے عوام نے کے سی آر کو شکست دینے کا فیصلہ کرلیا ہے اور وہ مقابلہ کی صورت میں عوامی غیض و غضب کا سامنا کریں گے۔